آئی سی سی چیف کا دو طرفہ ون ڈے سیریز ختم کرنے کا مطالبہ
ون ڈے کرکٹ کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے اس میں توجہ، مسابقت، روایتی کرکٹ کلچر اور سخت مقابلے کی خصوصیات برقرار رکھنا ضروری ہیں۔

آئی سی سی چیف کا دو طرفہ ون ڈے سیریز ختم کرنے کا مطالبہ
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا ہے کہ کرکٹ میں غیر ضروری اور بے مقصد دو طرفہ سیریز کے رجحان پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سنجوگ گپتا کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لیے اس میں توجہ، مسابقت، روایتی کرکٹ کلچر اور سخت مقابلے کی خصوصیات برقرار رکھنا ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ کا مستقبل مردوں اور خواتین کے ورلڈکپ سے مضبوطی سے منسلک ہونا چاہیے، جبکہ وقت کے ساتھ اس فارمیٹ کی ساخت اور دائرہ کار میں بھی بہتری لانا ضروری ہے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کے مطابق ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بڑھتی مقبولیت اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے باعث ون ڈے کرکٹ کو گزشتہ چند برسوں میں اپنی اہمیت برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ اور معروف سابق کرکٹر جَونٹی رہوڈز بھی دو طرفہ ون ڈے سیریز کی گھٹتی اہمیت پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اگلا ون ڈے ورلڈکپ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہوگا، جس میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔



