Gamesدیگر سپورٹس

اسلام ماخاچیف نے یو ایف سی میں تاریخ رقم کردی، مسلسل 17ویں فتح کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم

یو ایف سی 330مین ایونٹ میں اسلام مکھاشیو نےآئرش فائٹر آئن گیری کو1-5 سے شکست دی

اسلام ماخاچیف نے یو ایف سی میں تاریخ رقم کردی، مسلسل 17ویں فتح کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم

یو ایف سی کی تاریخ میں نیا باب رقم ہوگیا، اسلام ماخاچیف نے وہ کارنامہ کر دکھایا جو 13 سال سے کوئی فائٹر نہیں کر سکا تھا، آئرش حریف کو شکست دے کر مسلسل 17ویں فتح حاصل کی اور اینڈرسن سلوا کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا۔

یو ایف سی کے روسی فائٹر اسلام ماخاچیف نے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دے دیا۔

فلاڈلفیا میں ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں ماخاچیف نے آئرش فائٹر آئن گیری کو پانچ راؤنڈز کے بعد متفقہ فیصلے سے شکست دے کر ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا اور یو ایف سی میں مسلسل 17 فتوحات کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

فلاڈلفیا میں ہونے والے یو ایف سی کے مین ایونٹ میں اسلام ماخاچیف اور آئرش فائٹر آئن گیری کے درمیان پانچ راؤنڈز پر مشتمل سخت مقابلہ ہوا، جس میں روسی فائٹر نے اپنی شاندار ریسلنگ اور گراؤنڈ کنٹرول کی بدولت کامیابی حاصل کی۔

اسلام ماخاچیف نے مقابلے کے آغاز ہی سے اپنی حکمت عملی واضح کردی اور پہلے راؤنڈ میں تیزی سے ٹیک ڈاؤن حاصل کرتے ہوئے آئن گیری کو کینوس پر لے آئے۔ آئرش فائٹر نے اچھا دفاع کیا اور دوبارہ کھڑے ہونے میں کامیاب رہے،

تاہم ماخاچیف کا کنٹرول واضح طور پر نمایاں رہا۔دوسرے راؤنڈ میں بھی ماخاچیف نے ٹیک ڈاؤن کے ذریعے حریف کو دباؤ میں رکھا۔ ایک موقع پر روسی فائٹر کی زوردار ہائی کک سے گیری لڑکھڑا گئے،

جس کے بعد ماخاچیف نے دوبارہ انہیں زمین پر گرا کر سائیڈ کنٹرول حاصل کرلیا اور راؤنڈ کے اختتام پر ان کی بیک بھی لے لی۔تیسرے راؤنڈ میں آئن گیری نے مقابلے میں واپسی کی بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے فاصلے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیڈ کک، اوبلیق کک اور دیگر حملے کیے جبکہ ماخاچیف کی ایک ٹیک ڈاؤن کوشش بھی ناکام بنائی۔ اس راؤنڈ میں گیری نے بہتر کارکردگی دکھائی، تاہم چوتھے راؤنڈ میں ماخاچیف نے ایک بار پھر اپنی مضبوط ریسلنگ کا سہارا لیتے ہوئے مقابلے کا کنٹرول سنبھال لیا۔

چوتھے راؤنڈ میں ماخاچیف نے متعدد مرتبہ ٹیک ڈاؤن حاصل کیا اور گیری کو کینوس پر کنٹرول میں رکھا۔ ایک موقع پر روسی فائٹر نے حریف کو اٹھا کر دوبارہ کینوس پر دے مارا، جس کے بعد وہ راؤنڈ کے اختتام تک اپنی گرفت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

پانچویں اور آخری راؤنڈ میں آئن گیری نے ناک آؤٹ یا کسی بڑے فنش کی تلاش میں جارحانہ انداز اپنایا، لیکن ماخاچیف نے خطرہ مول لینے کے بجائے اپنی ریسلنگ کو مؤثر انداز میں استعمال کیا اور دوبارہ ٹیک ڈاؤن حاصل کرتے ہوئے حریف کی کمر پر کنٹرول قائم کرلیا۔

گیری کی بھرپور مزاحمت کے باوجود ماخاچیف نے آخری گھنٹی تک کنٹرول برقرار رکھا۔پانچ راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد تینوں ججز نے متفقہ طور پر اسلام ماخاچیف کو فاتح قرار دیا۔

اس فتح کے ساتھ اسلام ماخاچیف نے یو ایف سی میں مسلسل 17 فتوحات حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ اس سے قبل مسلسل 16 فتوحات کا ریکارڈ برازیل کے سابق چیمپئن اینڈرسن سلوا کے پاس تھا، جو 13 سال سے قائم تھا۔

اسلام ماخاچیف نے تاریخی کامیابی کے بعد آئن گیری کو بہترین فائٹر اور اچھا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حریف کی عزت کرتے ہیں، گیری نے ان کے لیے مقابلہ مشکل بنایا،

تاہم وہ ہر فائٹ میں خود کو ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اسلام ماخاچیف کی 17ویں مسلسل فتح نے انہیں یو ایف سی کی تاریخ کی طویل ترین وننگ اسٹریک کا مالک بنا دیا ہے، اور اب ان کی نظریں اپنے ریکارڈ کو مزید آگے بڑھانے پر ہوں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!