
پاکستان کی ثنا بہادر نے آسٹریلیا میں اسکواش کا میدان مار لیا
پاکستانی اسکواش پلیئر ثنا بہادر نے آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےپی ایس اے چیلنجر 3K بینڈیگو اوپن 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
میلبرن میں کھیلے گئے فائنل میں ثنا بہادر نے آسٹریلیا کی ریچل گرینہ کو 3-1 سے شکست دی۔13 سے 16 اگست تک بینڈیگو اسکواش سینٹر میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں ثنا بہادر کا مقابلہ آسٹریلیا کی ریچل گرینہ سے ہوا،
جہاں پاکستانی پلیئر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو 1-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ثنا بہادر نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فیصلہ کن مقابلے میں بھی اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آسٹریلوی حریف کو شکست دی۔
میلبرن میں ہونے والے اس اسکواش ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 3 ہزار امریکی ڈالر تھی۔ثنا بہادر کی کامیابی پر پاکستانی اسکواش شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ثنا بہادر کی اس کامیابی کو پاکستان اسکواش کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا ایک بار پھر اظہار ہوا ہے۔
ثنا بہادر کی اس کامیابی سے پاکستان نے آسٹریلیا میں اسکواش کے میدان میں اپنی موجودگی مضبوط بنادی ہے، جبکہ ان کی نظریں اب آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے پر ہوں گی۔



