کرکٹ

قومی انڈر 19 کپ: لاہور وائٹس کی شاندار فتح، ملتان کو 5 وکٹوں سے شکست

حسنین عباس اور تاج محمد کی تباہ کن باؤلنگ، دونوں مشترکہ مین آف دی میچ قرار

 

قومی انڈر 19 کپ: لاہور ریجن وائٹس کی شاندار فتح، ملتان ریجن کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

حسنین عباس اور تاج محمد کی تباہ کن باؤلنگ، دونوں مشترکہ مین آف دی میچ قرار

لاہور: رپورٹ: عابد حسین ; قومی انڈر 19 کپ کے سلسلے میں سی ایس ایس گراؤنڈ، سیالکوٹ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور ریجن وائٹس نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان ریجن کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور وائٹس کے باؤلرز نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی میں مشکلات سے دوچار کر دیا، جبکہ بیٹرز نے مطلوبہ ہدف پراعتماد انداز میں حاصل کرکے ٹیم کو ایک شاندار کامیابی دلائی۔

ملتان ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنائے۔ مزمل حسنین 23 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ لاہور ریجن وائٹس کی جانب سے حسنین عباس اور تاج محمد نے انتہائی مؤثر باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حسنین عباس نے میچ کے ابتدائی مرحلے میں تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ملتان ریجن کی پہلی چار وکٹیں حاصل کیں اور حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

ان کی عمدہ باؤلنگ نے ملتان ریجن کی بیٹنگ لائن کو شدید دباؤ میں رکھا، جبکہ تاج محمد نے بھی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو کم مجموعے تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب میں لاہور ریجن وائٹس نے 87 رنز کا ہدف 20.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ عالیان سلمان نے 34 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی،

جبکہ احمد خواجہ نے 33 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔ دونوں بیٹرز کی عمدہ کارکردگی نے لاہور وائٹس کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ میں غیر معمولی باؤلنگ کارکردگی دکھانے پر حسنین عباس اور تاج محمد کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے لاہور ریجن وائٹس کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی محنت،

نظم و ضبط اور میدان میں عمدہ کارکردگی خوش آئند ہے۔ انہوں نے بالخصوص حسنین عباس اور تاج محمد کی بہترین باؤلنگ اور عالیان سلمان و احمد خواجہ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کو سراہا۔

خواجہ ندیم احمد نے اس امید کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن وائٹس کے کھلاڑی آئندہ میچز میں بھی اسی جذبے، یکجہتی اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے ٹیم کے لیے قومی انڈر 19 کپ کے اگلے میچز میں بھی کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!