مستقبل کے سٹارز کی تلاش، لاہور ریجن میں کرکٹ کا میلہ سج گیا
88 سکولوں کی 22 گروپس میں شرکت، ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں 138 میچز کھیلے جائیں گے

خواجہ ندیم احمد کی جانب سے محسن نقوی کے گراس روٹ کرکٹ ویژن کو سراہا گیا،
لاہور میں سکول ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ کے 91 میچز مکمل
88 سکولوں کی 22 گروپس میں شرکت، ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں 138 میچز کھیلے جائیں گے
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ نگرانی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ پروگرام کے تحت جاری سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے اب تک 91 میچز کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں لاہور ریجن کے 88 سکول حصہ لے رہے ہیں، جنہیں 22 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں مجموعی طور پر 138 میچز کھیلے جائیں گے، جس کے بعد ہر پول کی ٹاپ ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے گراس روٹ کرکٹ ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکول کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کے باصلاحیت کرکٹرز کی نشاندہی کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں کی سطح پر منظم مقابلوں کا انعقاد کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
خواجہ ندیم احمد کے مطابق، محسن نقوی کی گراس روٹ کرکٹ پر خصوصی توجہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم ہے، جبکہ متعلقہ ڈومیسٹک کرکٹ حکام، بالخصوص اسامہ شارون نیازی، اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن بھی سکول، کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے پی سی بی کی پالیسیوں پر عمل درآمد اور نوجوان ٹیلنٹ کو مناسب مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے پر منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی وقار المنیر، محمد اویس سرور، میچ آفیشلز اور گراؤنڈز انتظامیہ کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔
خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن سکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ تک رسائی کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔



