
نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کیلئے خیبرپختونخوا ٹیم کے ٹرائلز مکمل ہوگئے
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ سکھر، سندھ کے لیے خیبر پختونخوا کے جونیئر بیڈمنٹن کھلاڑیوں کے ٹرائلز حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئے،
جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے 100 سے زائد مرد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 18 سے 22 اکتوبر تک سکھر، سندھ میں منعقد ہوگی۔
ٹرائلز کے دوران انڈر 15، انڈر 17، انڈر 19 اور انڈر 21 کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیم کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔
اس موقع پر خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر بلال خان اور سیکرٹری جنرل میاں صداقت شاہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی شرکت اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
بلال خان۔ میاں صداقت شاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑی جس طرح مسلسل جونیئر سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسی طرح اس مرتبہ بھی مختلف کیٹیگریز میں میڈلز جیت کر صوبے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
منتخب کھلاڑی نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو پشاور سے سکھر، سندھ کے لیے روانہ ہوں گے۔ حیات اللہ، بیڈمنٹن کوچ نے کہا کہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
ان کا مقصد خیبر پختونخوا میں نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور جونیئر کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔



