انگلینڈ کرکٹ ٹیم ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی ،
پاکستان سے پہلا ٹاکرا 20 اکتوبر کو ہوگا

انگلینڈ کرکٹ ٹیم ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی
راولپنڈی ; پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا،
جبکہ قومی ٹیم اور انگلینڈ کا آمنا سامنا 20 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد انگلش ٹیم مقامی ہوٹل روانہ ہوگئی۔ مہمان ٹیم ہفتے کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی تاکہ سیریز سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکے۔
تین ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا، جو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 20 اکتوبر کو اسی میدان میں مدمقابل ہوں گی۔
سیریز کے تمام میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔اس سے قبل سری لنکا کا ون ڈے اسکواڈ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے۔
سیریز کے آغاز سے قبل 17 اکتوبر کو پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، انگلینڈ کے ہیری بروک اور سری لنکا کے کوسل مینڈس ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔ تینوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی تقریب کے بعد پریس کانفرنسز بھی کریں گے۔
شائقینِ کرکٹ کو اس سہ ملکی مقابلے میں تینوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز میچز کی توقع ہے، جبکہ میزبان پاکستان اپنی سرزمین پر ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اترے گا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ٹرائی سیریز کے لیے تیار ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ ون ڈے فارمیٹ کے اس مقابلے میں کون سی ٹیم اپنی برتری ثابت کرکے ٹرافی اپنے نام کرتی ہے۔
متعلقہ خبریں



