کرکٹ

قومی انڈر 19 چیمپئن شپ: لاہور بلوز نے اسلام آباد ریجن شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ابتسام اظہر کی تباہ کن بولنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا

قومی انڈر 19 چیمپئن شپ: لاہور بلوز کی اسلام آباد ریجن کے خلاف 9 وکٹوں سے شاندار فتح،

کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

لاہور وائٹس کے بعد لاہور بلوز بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی،

ابتسام اظہر کی تباہ کن بولنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا
رپورٹ: عابد حسین

لاہور: قومی انڈر 19 چیمپئن شپ میں لاہور بلوز نے اتفاق ایل آر سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد ریجن کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اس سے قبل لاہور وائٹس بھی ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں اپنی نشست پکی کر چکی ہے، یوں لاہور ریجن کی دونوں ٹیموں نے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد ریجن کی ٹیم پہلی اننگز میں لاہور بلوز کے بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی اور 151 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ عبداللہ ملک اور جواد اللہ نے 36، 36 رنز بنائے۔

لاہور بلوز کی جانب سے ابتسام اظہر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ باسط علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں لاہور بلوز نے بیٹنگ میں ذمہ دارانہ اور عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 269 رنز بنائے اور 118 رنز کی قیمتی برتری حاصل کر لی۔ حماد آصف نے 69 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی،

محمد اعظم نے 61 جبکہ محمد عثمان نے 41 رنز بنا کر ٹیم کی برتری مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسلام آباد ریجن کی جانب سے محمد بلال اور زکریا شیر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

118 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اسلام آباد ریجن کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی لاہور بلوز کے بولنگ اٹیک کا مقابلہ نہ کر سکی اور 141 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

محمد بلال نے 54 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت ضرور کی، تاہم لاہور بلوز کے بولرز نے حریف ٹیم کو بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔ محمد عثمان اور باسط علی نے 3، 3 جبکہ ابتسام اظہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور بلوز کو فتح کے لیے محض 24 رنز کا ہدف ملا، جسے ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا اور 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی اپنے نام کر لی۔

لاہور بلوز کی اس اہم کامیابی میں ابتسام اظہر کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔ پہلی اننگز میں 8 وکٹیں اور دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کرنے پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منیجر لاہور بلوز سید عبدالرشید نے صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کی جانب سے ابتسام اظہر کو شاندار کارکردگی کے اعتراف میں کیش پرائز بھی دیا۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے لاہور بلوز اور لاہور وائٹس کی کوارٹر فائنل تک رسائی پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور منیجمنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کی کامیابی لاہور ریجن میں نوجوان کرکٹ کے فروغ اور مؤثر ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ کا مثبت ثبوت ہے۔

انہوں نے بالخصوص ابتسام اظہر کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور کھیل سے وابستگی مستقبل میں قومی کرکٹ کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہوگی۔

خواجہ ندیم احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاہور بلوز اور لاہور وائٹس کوارٹر فائنل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل کے حصول کی جانب پیش قدمی کریں گی اور لاہور ریجن کا نام روشن کریں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!