ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، پنجاب یونیورسٹی اور دی ایجوکیشنسٹ کے تعاون سے جاری کھیلوں کے قومی مقابلے 2017 کے چوتے روزہاکی ، کرکٹ، فٹبال، تیراکی اور کشتی رانی کے مقابلے ہوئے ۔ہاکی کے مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی نے یو ایم ٹی کو3-1سے شکست دی،یو ایم ٹی نے دوسری اور یونیک گروپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کرکٹ انڈر 17مقابلوں میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر2 کوٹ رادھا کشن نے گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ سردار محمد کو شکست دی۔کرکٹ (یونیورسٹی کیٹگری میں )کے پہلے سیمی فائنل میں یونیورسٹی آف مالاکنڈ اور گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصور جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب یونیورسٹی اور بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی مد مقابل رہے۔
فائنل کرکٹ میچ بروز جمعہ پنجاب یونیورسٹی اور مالاکنڈ یونیورسٹی کے مابین کھیلا جائے گا۔ کبڈی میچ (یونیورسٹی کٹیگری) کا پہلا سیمی فائنل اخوان سائنس کالج برکی اور اسلامیہ کالج قصور کے مابین ہوا۔ مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا ۔ اخوان ٹیم جیتی جبکہ فائنل میں پنجاب یونیورسٹی نے اسے آسانی سے شکست دے دی۔تیراکی مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی پہلے اور نسٹ اسلام آباد دوسرے نمبر پر رہے ۔ پنجاب یونیورسٹی سے سمیع اللہ بہترین تیراک قرار پائے۔ سکول کی سطح پر تیراکی کے مقابلوں فری سٹائل اور بیک سٹروک میں واپڈا بوائز ہائی سکول کے محمد ابو بکرفاتح قرار پائے جبکہ واپڈا سکو ل کے فیصل علی نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
مجموعی طور پر کشتی رانی کے مقابلوں میںیونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ جبکہ نہر میں ہونے والے سنگل اور ڈبل دونوں مقابلوں میں یو ایم ٹی نے جیتے۔ مشین پر ہونے والے 500میٹر انفرادی مقابلوں میں یو سی پی کے عمران اسلم نے پنجاب یونیورسٹی کے محمد اعظم کو شکست دی۔
کرکٹ اور فٹبال کے فائنل مقابلے اور اتھلیٹکس کے مقابلے بروز جمعہ (آج)صبح11بجے منعقد ہوں گے جبکہ سہ پہر 3بجے نیو کیمپس گرائونڈ میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہو گا جس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر اور ڈائریکٹر سپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن فیصل بٹ کامیاب کھلاڑیوں میں اسناد، نقد انعامات اور ٹرافیاں پیش کریںگے ۔