بنگلہ دیش عام انتخابات میں سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ بھاری اکثریت سے کامیاب

 

بنگلہ دیش عام انتخابات میں سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ، مشرفی مرتضیٰ کی یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت عوامی لیگ کی جانب سے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ نے حلقے ناریل 2 سے عام انتخابات میں حصّہ لیا جس میں وہ بڑی اکثریت سے کامیاب ہوئے۔

مشرفی مرتضیٰ نے 1,89,102 ووٹ حاصل کیے جبکہ بنگلہ دیش ورکرز پارٹی کی جانب سے انتخابات میں حصّہ لینے والے ان کےحریف حفیظ الرحمٰن صرف 4,041 ووٹ حاصل کرنے میں ہی کامیاب ہو سکے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش عام انتخابات 300 میں سے 299 پارلیمانی نشستوں پر منعقد ہوئے جبکہ ایک نشست پر ایک آزاد امیدوار کی موت کے بعد قانون کے مطابق انتخاب ملتوی کر دیا گیا۔

بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے بھی عام انتخابات میں اپنی نشست جیت لی، شکیب الحسن نے اپنے حریف کو 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی، شکیب الحسن مغربی شہر ماگورا سے عوامی لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی ) سمیت اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے حسینہ واجد کی نگرانی میں ہونے والے الیکشن کو غیرمنصفانہ قرار دیکر عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔

error: Content is protected !!