جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

اس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آئیں گی۔ سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہوں گے۔

مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کی غرض سے 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم راولپنڈی روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ چار فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کرے گی۔

سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 11, 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔

دورے میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی، جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

سال 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔دونوں ٹیموں نے 2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلیں تھیں۔

سال 1995 کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ان گیارہ میں سے سات میں جنوبی افریقہ جبکہ ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ لہٰذا بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس اب یہ ایک سنہری موقع ہوگا کہ وہ 18 سال بعد جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دے سکے۔

فی الحال آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ دونوں ٹیمیں پاکستان کی سرزمین پر کبھی کسی ٹی ٹونٹی سیریز میں مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل یو اے ای میں کھیلی گئی دونوں ٹی ٹونٹی سیریز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے دورہ پاکستان پر رضامندی کا اظہار اور تین مختلف شہروں میں طویل اور محدود طرز کے کرکٹ میچز کھیلنے پر اتفاق کرنا، پاکستان کی کرکٹ اور یہاں موجود فینز کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا مگر اس کے باوجود پاکستان میں آج بھی اس ٹیم کے فینز کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

ذاکر خان نے مزید کہا کہ یہ ایک خوش آئند عمل ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سال 2021 کا شاندار آغاز جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی سے کرے گا، ہمیں جنوبی افریقہ کے بعد اسی سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی بھی میزبانی کرنی ہے، اسی سال پاکستان کو ایشیا کپ 2021 اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021 میں بھی شرکت کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے سال 2020 ایک چیلنجنگ سال تھا مگر پاکستان کرکٹ بورڈاب تک سیزن 2020-21 میں شامل اپنے 60 فیصد میچز کا کامیاب انعقاد کرچکا ہے اور امید ہے کہ ہم کوویڈ 19 کے پروٹوکولز کے تحت اس سیریز کے لیے بھی تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کرلیں گے۔ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ہم اس سیریز کی کامیابی کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے اسکواڈز کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔

error: Content is protected !!