سابق ہاکی اولمپیئنزنے موجودہ ہاکی فیڈریشن کی پالیسیوں پراعتمادکااظہارکردیا۔ اس حوالے سے سابق اولمپیئن طاہرزمان نے کہا کہ پاکستان سپر ہاکی لیگ اور ورلڈالیون کے دورہ پاکستان سے دنیاکویہ پیغام ملے گا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے ۔ہاکی لیگ پاکستان میں ہاکی کی بہتری میں اہم کرداراداکرے گی ۔ سابق اولمپیئن ریحان بٹ نے کہاکہ چندپرانے اولمپیئنزکی منفی سیاست سے ہاکی کوبھاری نقصان اُٹھانا پڑا جولوگ اپنے مفادات کے لئے ہاکی کوتباہی کی طرف لے جاناچاہتے ہیں وہ اپنے مقصدمیں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔سابق اولمپیئن محمدثقلین نے کہاکہ پاکستان سپرہاکی لیگ سے ہاکی میں بہتری آئے گی اس لیگ سے نیاٹیلنٹ سامنے آئے گااورآنیوالے اہم ٹورنامنٹس میں قومی ہاکی ٹیم بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرے گی، پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر کی موجودہ پالیسیوں سے پاکستان میں ہاکی کاگرتاہوامعیاربہتری کی طرف گامزن ہواہے۔سابق اولمپیئن ڈاکٹرعاطف بشیرنے کہاکہ ہاکی میں منفی سیاست اورعہدوں کے حصول نے ہاکی کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔سابق اولمپیئن قمرابراہیم،اولمپیئن علیم رضا ،کامران اشرف،محمدعرفان سینئر،اولمپیئنزخالدحمید،طارق عمران،شبیرحسین نے فیڈریشن کی موجودہ پالیسیوں پراطمینان کااظہارکیااورکہاکہ جلدقومی ہاکی ٹیم اپناکھویاہوامقام حاصل کرلے گی۔