سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست

باؤلرز کی شاندار باؤلنگ اور شیکھر دھاون کی عمدہ سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔بھارت نے اس کامیابی کے ساتھ مسلسل آٹھ سیریز جیت لی ہیں

بھارت کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا۔

جسپریت بمراہ نے دھنشکا گناتھیلاکا کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی کامیابی دلائی لیکن اس کے بعد اپل تھارنگا اور سدیرا سمارا وکراما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے 121 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا اور اس شراکت کا کاتمہ اس وقت ہوا جب سمارا وکراما 42 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی ٹیم نہایت آرام سے بڑے اسکور کی جانب گامزن نظر آتی تھی اور ایک موقع پر 27 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے لیکن اسی اسکور پر 95 رنز بنانے کے والے تھارنگا کے پویلین لوٹنے کے ساتھ بازی پلٹ گئی۔

اس موقع پر بھارتی اسپنرز نے شاندار کھیل پیش کیا جس کے سبب سری لنکن ٹیم درمیانی اوورز میں سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے ہوئے پوری ٹیم 45ویں اوور میں 215 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے اسپنرز یزویندرا چاہل اور کلدیپ یادو نے تین تین وکٹیں حاصل کر کے سری لنکن ٹیم کا بڑے اسکور کا خواب چکنا چور کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو بھی روہت شرما کی شکل میں جلد ہی کامیابی مل گئی لیکن اس کے بعد شیکھر دھاون اور شریاس آئیر نے سری لنکن باؤلرز کیلئے وکٹ کا حصول ناممکن بنا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے 135 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، آئیر 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ پر موجود دھاون نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار سنچری بنانے کے بعد دنیش کارتھک کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے مزید 70 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 33ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

شیکھر دھاون دو چھکوں اور 13 چوکوں سے مزین 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کارتھک نے 26 رنز بنائے۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کر لی جو ان کی لگاتار آٹھویں دوطرفہ ون ڈے سیریز میں فتح ہے۔

اسپنر کلدیپ یادو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ دھاون سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

تعارف: newseditor