سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب میں تیاریاں عروج پر ہیں، کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں بہترین تربیت دی جارہی ہے، کھلاڑی محنت اور لگن سے تیاری کریں اور جوش و جذبہ کے ساتھ میدان میں فتح کا عزم لیکر اتریں، ہم پرامید ہیں، انشاء اللہ پہلے سے زیادہ میڈلز جیتیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جاری خواتین کے ہاکی تربیتی کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ گیمز کی تیاری کیلئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس سمیت شہر کے مختلف سپورٹس مقامات پر مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس جاری ہیں جن میں کھلاڑیوں کو ماہر کوچز تربیت دے رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ تربیتی کیمپس میں تربیت حاصل کرنیوالے صوبہ بھر کے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت کے ساتھ ساتھ رہائش اور فٹنس کیلئے اچھی خوراک فراہم کی جارہی ہے، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا بھی خاص خیال رکھا جارہا ہے اور ان کو ایکسرسائز بھی کرائی جاتی ہیں، انہوں نے کیمپ میں شریک ہاکی کی خواتین کھلاڑیوں کی پریکٹس دیکھی اورکہا کہ کھلاڑی کیمپ میں بہت محنت کررہی ہیں ، انشاء اللہ قائداعظم گیمز میں وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی اور فاتح رہیں گی۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے میڈیا کو بتایا کہ فٹ بال کا پنجاب سٹیڈیم، ریسلنگ کا نیشنل کوچنگ سنٹر اورٹیبل ٹینس، کراٹے کے تربیتی کیمپس نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں جاری ہیں۔