نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے، حنیف عباسی

لاہور:چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے ہیں، درجنوں منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں مزید نئے سپورٹس منصوبے بنائے جارہے ہیں، منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جارہا ہے تاکہ کھلاڑی اپنے آپ کو عالمی ایونٹس میں حصہ لینے کیلئے تیار کرسکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میںسپورٹس بورڈ پنجاب کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میںسپورٹس بورڈ پنجاب کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سنٹرل، نارتھ اور سائوتھ زونز میں نئی ڈویلپمنٹ سکیموں پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) اکرم صوبن نے دی، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان، ڈپٹی سیکرٹری تہمینہ حبیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ملک ناصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر قصوررئوف باجوہ، متعلقہ محکموں کے افسران اور ٹھیکیدار شریک تھے، حنیف عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سربراہی میں سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، کھلاڑیوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پنجاب بھر میں گرائونڈز، جمنیزیم اور سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں، بہت سے اضلاع میں جمنیزیم ہال تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوان ان سہولتوں سے استعفادہ کرتے ہوئے اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ سنٹرل،نارتھ اور سائوتھ زونز کے چھوٹے بڑے شہروں میں سپورٹس کے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں تاکہ صوبہ بھر کے نوجوانوں کو سپورٹس کی یکساں سہولتیں میسر ہوں۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے منصوبے نوجوانوں کیلئے نئی صبح کا آغاز ہوں گے جس سے نوجوان اپنے شوق کی تکمیل اور سپورٹس کو اپنا مستقبل بنانے کی آرزو پوری کرسکیں گے، نئی سکیم کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے تینوں زونز سنٹرل، نارتھ اور سائوتھ میں سپورٹس کے جدید منصوبے بنائے جائیں گے ۔

تعارف: newseditor

error: Content is protected !!