انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے سپر کبڈی لیگ پر دست شفقت رکھ دیا


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے سپر کبڈی لیگ پر دست شفقت رکھ دیا،عالمی باڈی نے رواں سال پاکستان میں ہونے والے ایونٹ کی حمایت کرتے ہوئے اپنا لوگو استعمال کرنے کی اجازت بھی دیدی۔تفصیلات کے مطابق رواں سال سپر کبڈی لیگ کروانے کی تیاریاں عروج پر ہیں، انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے صدر جناردن سنگھ گلہوٹ نے سیکریٹری جنرل پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور رانا کو خط میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عالمی باڈی کا لوگو استعمال کرنے کی بھی اجازت دیدی ہے،انٹرنیشنل فیڈریشن کی تائیدوحمایت حاصل ہونے کے بعد ایس کے ایل میں انٹرنیشنل سٹارز کی کہکشاں سجنے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ چیئرمین سپر کبڈی لیگ حیدر علی دائود خان کا کہنا ہے کہ عالمی باڈی کی طرف سے سپورٹ کا اعلان ایک اہم سنگ میل ہے، فیڈریشن خود رکن ملکوں کو لیگ کے حوالے سے خطوط لکھے گی تو منتظمین کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کو پاکستان میں مقابلوں کا حصہ بننے کیلئے قائل کرنا آسان ہوجائے گا،انٹرنیشنل سٹارز سے مزین اس ایونٹ سے نہ صرف ملک میں کبڈی کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ پاکستان کا مثبت تاثر دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سپرلیگ میں بہترین انتظامات کیساتھ کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل شفاف بناکر انٹرنیشنل فیڈریشن اور سٹارز کا اعتماد حاصل کرینگے۔

error: Content is protected !!