پی ایس ایل فائنل، کھلاڑیوں کیلئے بکتر بند بسیں

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا جس کی تیاریاں عروج پر ہیں جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کھلاڑیوں کے لئے بکتر بند بسیں بھی خریدنے کا حکم دیا ہے۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل میچ کی میزبان کراچی کا انٹرنیشنل اسٹیڈیم کرے گا جہاں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

جب کہ اس سلسلے میں آج چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کی اس موقع پر سیکیورٹی ٹیم بھی چیرمین پی سی بی کے ہمراہ تھی۔

ملاقات میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر پی ایس ایل فائنل کے لئے سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اسٹیڈیم کی مرمت کے جاری کام میں سیکیورٹی تجاویز کے لئے ایس ایس پی سیکیورٹی کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی کو فل ڈریس سیکیورٹی ریہرسل کرنے اور کھلاڑیوں کے لئے بکتر بند بسیں خریدنے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فل ڈریس ریہرسل کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے لیے اعتماد پیدا کرے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی کرکٹ کو واپس کراچی میں لانا چاہتا ہوں اور ہر لحاظ سے اس ایونٹ کو تاریخی بناؤں گا جب کہ کراچی کے عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے تین میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں سے دو میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم  اور فائنل میچ 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!