اسلامی جمہویہ پاکستان کے بانی عظیم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہونے والی 60کلومیٹر طویل ’’قائد اعظم ڈے جان محمد بلوچ انویٹیشن سائیکل ریس‘‘ ٹیم کرینک ایڈکس کراچی ساؤتھ کے خلیل امجد نے ایک گھنٹہ 40منٹ میں جیت لی ہے۔ سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن (SCA)کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپر ویژن میں ہونے والی اس ریس کا افتتاح مزار قائد سے SCAکے صدر محمد عارف بلوچ نے فلیگ آف کرکے کیا جہاں سے سائیکلسٹ بذریعہ شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل اور نیشنل ہائی وئے اسٹیل ٹاؤن تک گئے اور واپس ملیر پہنچ کر ریس کا اختتام کیا۔سائیکل ریس میں ڈسٹرکٹ ملیر کے عاشر بلوچ نے 9سیکنڈ کے فرق سے دوسری اور ملیر ہی کے حق نواز بلوچ نے 12سیکنڈ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ریس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ میونسپل ایڈمنسٹریشن ملیر کے چیئر مین جان محمد بلوچ اور میجر (ر) عشر ت خان، ڈی ایم سی ملیر کے سینئر افسران اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے سائیکلسٹوں کا پر تباک استقبال کیا۔
ریس کے چیف جج انٹرنیشنل سائیکلسٹ شاہجہاں بلو چ جب کہ چیف آفیشل انٹرنیشنل سائیکلسٹ محمد اکرم بلوچ تھے۔ تقریب تقسیم انعاما ت میں چیئر مین ڈی ایم سی ملیر جان محمد بلوچ نے پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں ہزاروں روپے کے نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں، شیلڈ اور خصوصی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔جان محمد بلوچ نے ریس کے عظیم الشان اور بے مثال انعقاد پر میجر (ر) عشرت خان اور چیف آرگنائزر ملک کلیم اعوان کو مبارکباد بھی پیش کی۔ آخر میں ریس کے منتظمین اور سائیکلسٹوں کے عزاز میں ایک شاندار ظہرانہ بھی دیا۔
٭٭٭٭٭