لاہور:سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے نے لیاقت جمنیزیم پاکستان سپورٹس بورڈ میں جاری دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء میں فاتحانہ آغاز کیا ہے، کھلاڑی نے مقابلوں میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف کھلاڑیوں کو چت کیا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے ابتدائی مراحل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز جیتنے پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے اور دیگر کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ بھی اسی طرح بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید میڈلز جیتیں،دوسرے روز میں ہونیوالے مقابلوں میں پنجاب کی ٹیموں نے اب تک49میڈلز جیتے ہیں جن میں سونے کے 23 ، چاندی کے 18اور کانسی کے 8تمغے جیتے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیموں نے جو میڈلز جیتے ہیں ان میں گرلز نے 15سونے، 14چاندی اور 3کانسی کے تمغے جیتے ہیں،بوائزکے 8سونے،4چاندی اور 5کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اتھلیٹس گرلز نے 5گولڈ اور5سلور، بیڈ منٹن گرلز نے5 گولڈ 6سلور اور ایک برانز، جوڈو گرلز نے 3گولڈ،3سلور اور 2برانز، کراٹے گرلز نے 2گولڈجیتے ہیں، بوائز نے اتھلیٹکس میں 2گولڈ،2سلوراور 3برانز، جوڈو میں 6گولڈ، ایک برانز، کراٹے 2سلور اور ایک برانز جیتے ہیں۔سنوکر کے کھلاڑی عثمان ، مدثر رضا اور عمر خان اپنے مخالفین کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں
اسی طرح کبڈی کے مقابلوں میں بھی پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد کو 32-10اور خیبر پختونخوا کو 45-18سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، بیڈ منٹن کی بوائز اور گرلز کی ٹیمیں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیموں کو ہر ا فائنل میں پہنچ گئی ہیں،
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء کے ابتدائی مراحل میں فاتحانہ آغاز پر پنجاب کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے، میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ فاتح کھلاڑی پنجاب کا فخر ہیں جنہوں نے پنجاب کا نام روشن کیا، کھلاڑی اسی جذبے کے ساتھ کھیلتے رہیں اور زیادہ زیادہ میڈلز جیتیں۔ محمدعامر جان نے کہا کہ پنجاب کے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور قائداعظم گیمز میں ان کی صلاحیتوں کے سامنے کوئی مدمقابل نہیں، کھلاڑی جنون اور جذبے سے مقابلوں میں حصہ لیں۔