لیژرلیگز کے زیر اہتمام 30 دسمبر سے شروع ہونے والے انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کراچی کے پانچوں اضلاع سے ایک سو ٹیموں میں ایک ہزار کھلاڑی شریک ہوں گے۔
کراچی کے ہر ضلعے سے 20,20 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہر ٹیم 10 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی اور بیک وقت 7 کھلاڑی میدان میں ہوں گے جبکہ دیگر 3 کھلاڑی متبادل کے طور پر تیار رہیں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچز لیاری سمیت کراچی کے موجود اہم فٹ بال گراؤنڈ میں ہوں گے، ان میدانوں میں گبول پارک لیاری، خیبر مسلم اسٹیڈیم بلدیہ ٹاؤن، سکسٹین اسٹار گراؤنڈ، فیڈرل بی ایریا، انصار یونین گراؤنڈ کورنگی، محمدی اسپورٹس اسٹیڈیم اور میمن گوٹھ ملیرشامل ہیں۔
ہرٹیم ہفتے میں دو، دو میچ کھیلے گی اور یہ میچز ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہوں گے یہ میچز انھی پانچوں گراؤنڈز میں ہوں گے۔
ہر ڈسٹرکٹ کی 20 ٹیموں کو 10 ٹیموں پر مشتمل دو گروپ اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے اورہر گروپ کی سرفہرست ٹیموں کے مابین فائنل ہوگا اور ایک ضلع سے چمپئن ٹیم سامنے آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:لیژر لیگز پاکستان کے دوسرے کامیاب سیزن کا اختتام
ڈسٹرکٹ چمپئن ٹیموں کے درمیان حتمی راؤنڈ ہوگا جہاں کی کامیاب ٹیم کراچی چمپئن ہونے کا اعزازحاصل کرے گی۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 900 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ میں شریک تمام ایک ہزار کھلاڑیوں کو فٹ بال کٹ اور فٹ بال شو بھی فراہم کردیے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو۔