راولپنڈی(نواز گوہر سے)کراچی وائٹ، راولپنڈی، پشاور اوراسلام آباد ریجن کی ٹیموں نے قومی ایک روزہ ریجن کرکٹ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی،کراچی وائٹ اورپشاور ریجن کے مابین پہلا سیمی فائنل کل 8فروری جبکہ راولپنڈی اوراسلام آباد کے درمیان دوسرا سیمی فائنل پرسوں 9فروری کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈکے زیراہتمام قومی ایک روزہ ریجن کپ کے ساتویں مرحلے کے بعد کراچی وائٹ، راولپنڈی اورپشاور میں پانچ، پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو، دو میچوں میں شکست کھائی اس طرح تینوں ٹیموں نے دس، دس پوائنٹس حاصل کئے تاہم بہتر اوسط کی بنیاد پر کراچی وائٹ پہلے، راولپنڈی ریجن دوسرے اور پشاورریجن کی ٹیم تیسرے نمبر پررہی، اسلام آباد، لاہوربلیوز اورفیصل آباد کی ٹیموں نے تین، تین میچوں میں کامیابی اور چار میں شکست کھائی، اس طرح ان تینوں ٹیموں کو چھ، چھ پوائنٹس ملے تاہم بہتر رن اوسط کی بنیاد پر اسلام آباد ریجن کی ٹیم نے چوتھی پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کر لی، لاہورریجن بلیوز پانچویں، فیصل آباد ریجن چھٹے، لاہورریجن وائٹ دو میچ جیت کرساتویں جبکہ فاٹا ریجن کی ٹیم صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرکے آٹھویں نمبر پررہی۔ گزشتہ روز ٹورنامنٹ کے ساتویں مرحلے میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی ریجن وائٹ کی ٹیم نے لاہورریجن وائٹ کو 9وکٹوں سے شکست دے دی، کراچی نے ٹاس جیت کرلاہورریجن وائٹ کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لاہور وائٹ نے 8وکٹوں پر 239سکورکیا، جواب میں کراچی وائٹ نے خرم منظورکے ناقابل شکست 143رنز کی بدولت 39اوورز میں 1وکٹ کے نقصان پر 241سکورکرکے 9وکٹوں سے میچ اپنے نام کرلیا، کے آرایل گرائونڈ راولپنڈی نے فاٹا ریجن کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹ پر 320رنز بنائے، جواب میں راولپنڈی ریجن کی ٹیم نے سعودشکیل کے شاندار 134رنز کی بدولت 49.5اوورز میں 5وکٹوں پر 324رنزبناکر 5وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں فیصل آباد ریجن نے لاہوربلیوز کے 3وکٹوں سے شکست دیدی، لاہور بلیوز کی ٹیم 48.4اوورز میں 235رنز پر آئوٹ ہوگئی جواب میں فیصل آباد نے 49.5اوورز میں 7وکٹوں پر 239رنز بناکر میچ اپنے نام کرلیا۔ ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں اسلام آباد ریجن نے عابدعلی کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت پشاور کو 233رنز سے شکست دیدی، اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 374رنز کاپہاڑ کھڑاکردیا جس کے جواب میں پشاور کی ٹیم اپنے ہوم گرائونڈ کے باوجود 48اوورز میں 141رنز پر ڈھیرہوگئی،اسلام آباد ریجن کے با صلاحیت کرکٹر عابد علی کا شاندار کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے پی سی بی ریجنل قومی ون ڈے کرکٹ کپ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری ریجنل نیشنل ون ڈے کرکٹ کپ میں پشاور ریجن کیخلاف میچ میں اسلام آباد کے اوپنر بلے باز عابدعلی نے 156گیندوں پر 24چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے 209رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی اور ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ، ریجن کرکٹ ٹورنامنٹس میں اس سے قبل یہ اعزاز خالد لطیف کے پاس تھا جنہوں نے ے 204رنز کا ریکارڈ اس سے قبل بنایا تھا۔ٹورنامنٹ کافائنل 11فروری کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا۔