شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ): برینڈن ٹیلر کی شاندار سنچری کی بدولت زمبابوے نے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان کو 154 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پہلے میچ میں بدترین شکست کا بدلہ چکانے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔
شارجہ میں کھیلے جا رہی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر نے آٹھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ 74 گیندوں پر 92 رنز کی اننگز کھیلنے والے سکندر رضا نے بھی ان کا بھرپور ساتھ نبھایا، ہملٹن مساکاڈزا 48 اور میلکم والر 22 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔
پہلے میچ میں رنز کے انبار لگانے والی افغان ٹیم ہدف کے تعاقب میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور رحمت شاہ اور دولت زدران کے سوا کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
افغانستان کی پوری ٹیم 30ویں اوور کی پہلی گیند پر 179 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، رحمت 43، دولت زدران 47 اور محمد نبی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ واپسی کے بعد پہلی سنچری بنانے والے برینڈن ٹیلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔