لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے جمعرات کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 9اے سائیڈ شیزان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اہم اقدامات کررہا ہے، صوبہ بھر میں سکولوں کی سطح پر انڈر 16بوائز ہاکی کے مقابلے منعقد کرارہے ہیں جس میںبہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 33کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کو ماہر کوچز سے تربیت دلائی جائے گی ، یہ کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے
انہوں نے کہا کہ سکول سپورٹس کی نرسری ہوتے ہیں اور ہم اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ، سکولوں میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی محنت سے کھیلیں اور ہاکی کو ایک بار اسی مقام پر پہنچا دیں جہاں پاکستان ہاکی کی دنیا میں حکمرانی کرتا تھا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم آمد پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر ان کا کھلاڑیوں سے تعارف بھی کرایا گیا، تین روزہ نائن اے سائیڈ شیزان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ڈار اور رانا ظہیر ہاکی اکیڈمیز کے مابین ہورہا ہے جس میں سابق معروف کھلاڑی کے نام سے ٹیمیں بنائی گئی ہیں جن میں تنویر ڈار، منیر ڈار، غلام رسول، افضل منا، بریگیڈیئر عاطف اور سعیداحمد شامل ہیں۔