آسٹریلیا نے سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت لی

آکلینڈ(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت لی، اس فتح کے ساتھ ہی کینگروز نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں پہلی مرتبہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، بارش کے باعث آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 19 رنز سے شکست دی، کینگروز نے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 14.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر 121 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ تھمی تو ایمپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی مشاورت سے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا، اسطرح آسٹریلوی ٹیم 19 رنز سے کامیاب رہی، ڈی آرسی شارٹ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، میکسویل 20 اور فنچ 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، آشٹن ایگر میچ اور گلین میکسویل سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو آکلینڈ میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ کے قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، سٹین لیک نے گپٹل کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، گپٹل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اگلے اوور میں رچرڈسن نے منرو کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، منرو 29 رنز بنا سکے، دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگروز باؤلرز نے کیویز بلے بازوں کو بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے کا موقع نہ دیا جس کی وجہ سے وہ بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی، روز ٹیلر 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کپتان ولیمسن 9، چپمین 8، کولن ڈی گرینڈ ہوم 10، مچل سینٹنر صفر، سیفرٹ 3، ٹم ساؤتھی 5 اور آئش سودی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آشٹن ایگر نے 3 رچرڈسن اور اینڈریو ٹائی نے 2، 2 سٹین لیک اور سٹوئنس نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بارش کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم 19 رنز سے کامیاب قرار پائی، ڈی آرسی شارٹ اور وارنر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 72 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، آرسی شارٹ 50 رنز مکمل کرنے کے بعد منرو کی گیند کا نشانہ بنے، 78 کے سکور پر ڈیوڈ وارنر 25 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر بولڈ ہوئے، آشٹن ایگر کا بلا نہ چلا اور صرف 2 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر سٹمپ ہوئے، اس موقع پر میکسویل اور فنچ حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے مل کر سکور 121 تک پہنچایا تھا کہ دوبارہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ مکمل نہ ہو سکا اور آسٹریلوی ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 19 رنز سے فاتح رہی، میکسویل 20 اور فنچ 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، آئش سودھی، مچل سینٹنر اور کولن منرو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

error: Content is protected !!