پاکستان ہاکی ٹیم کا کوچ کون ؟راز سے پردہ کب اٹھے گا،تفصیلات آگئیں

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا جب کہ حتمی غیر ملکی کوچ کا فیصلہ پیر تک متوقع ہے.سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کا نیا چیف کوچ غیر ملکی ہی ہوگا۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستانی کوچز کی مسلسل ناکامی کے بعد پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کے لیے مستقل بنیادوں پر غیر ملکی کوچ رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے.ذرائع کے مطابق فیڈریشن حکام کی اس وقت جرمنی کے کرسٹین بلنک، آسٹریلیا کے جمی ڈائر اور ہالینڈ کے راولنٹ اولٹمینز کے ساتھ بات چیت حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، راولنٹ اولٹمینز پاکستانی ٹیم کے پہلے بھی کوچ رہ چکے ہیں اور انھوں نے حال ہی میں اومان میں ہونے والے 3 ملکی ٹورنامنٹ میں پی ایچ ایف حکام کے ساتھ ملاقاتیں کرنے کے ساتھ کچھ وقت پاکستانی ٹیم کے ساتھ بھی گزارا ہے.کرسٹین بلنک کا شمار بھی دنیا کے ممتاز کھلاڑیوں اور کوچز میں ہوتا ہے جبکہ جمی ڈائر بھی کوچز کے میدان میں صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، ذرائع کے مطابق ان 3 کوچز میں سے حتمی کوچ کا فیصلہ پیر تک ہوگا. یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں برس پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل اس لیے بھی ہے کیونکہ گرین شرٹس نے اس سال کامن ویلتھ گیمز سمیت 5 بڑے عالمی ٹورنامنٹس میں شرکت کرنا ہے، ان ایونٹس میں کامن ویلتھ گیمز، چیمپئنز ٹرافی، ایشین ٹرافی، ایشین گیمز اور ورلڈ کپ شامل ہیں۔

 

error: Content is protected !!