راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے پاکستان سکواش فیڈریشن کو سکواش کی تباہی سے بچانے کے پیش نظر مزید ٹھوس اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے سینئر پلیئرز کے ساتھ ساتھ جونیئر پلیزر اکیڈمی پر سخت محنت کرنی ہو گی اور یہ ہی اس کا واحد حل ہے ۔ جان شیر خان نے زور دیا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کو عالمی عدالت میں آواز اُٹھانی چاہئے کیونکہ انڈین لابی کی وجہ سے پاکستان سکواش کے ساتھ جو ناانصافی ہو رہی ہے اسکی مثال کہیں نہیں ملتی۔ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن میں انڈین لابی پاکستان کو مینز 50 سے 70 ہزارامریکی ڈالرز اورویمن 30ہزار امریکی ڈالرز سے بڑے ٹورنامنٹ دینے پر مجبور کر رہی ہے۔ ان بڑے ٹورنامنٹس کرانے کا فائدہ صرف انٹر نیشنل پلیئرز کو ہی ہے ہمارے پلیئرز کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ ہمارے پلیئرز ان ٹورنامنٹس میں کوئی پوائنٹ نہیں بنا سکتے جسکی وجہ سے انٹر نیشنل پلیئرز پاکستان سے بڑے نقدانعامات لے جاتے ہیں، پی ایس اے میں انڈین لابی اپنے ملک کیلئے انڈین اوپن جیسا ٹورنامنٹ مینز 35 ہزارامریکی ڈالرز لینے میں کامیاب ہو رہی ہے جو سراسر ناانصافی و زیادتی ہے ۔