شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ):پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھرنے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہونے کے ناطے وہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل تھری میں ایک دو کھلاڑی ان کی نظر میں ہیں تاہم فی الحال وہ نام لے کر کسی بھی کھلاڑی پر غیر ضروری دباؤ نہیں ڈلنا چاہتے، البتہ مکی آرتھر نے واضح کیا کہ پی ایس ایل تھری میں اب تک حسن علی، شاداب خان یا فخر زمان جیسا ٹیلنٹ نظر نہیں آیا۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ابھی تو پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہوا ہے، کافی میچز باقی میں، امید ہے لیگ کے اختتام تک ایک دو اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں مقابلے کا معیار دیگر لیگز کی نسبت کافی بلند ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ گزشتہ روز انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن نے بھی یہ بات کہی ہے کہ پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیموں کا بولنگ اٹیک انتہائی زبردست ہے۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ہر ٹیم میں بہت سے غیر ملکی کرکٹرز موجود ہیں جس سے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، انہیں معلوم ہورہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا پریشر کیسا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بہترین کرکٹ لیگ ہے، پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین کرکٹرز اور کوچز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع مل رہا ہے، ہماری کوشش بھی یہی ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ ان کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ سیکھے، آنے والے دنوں میں یہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوگا۔
شاہد آفریدی کی کراچی کنگز میں شمولیت اور میدان میں ان کے انرجی سے بھرپور پرفارمنس کے حوالے سے مکی آرتھر نے کہا کہ انہیں شاہد آفریدی کو اتنا زیادہ پرجوش دیکھ کر حیرت نہیں ہوئی کیوں کہ شاہد آفریدی بہترین کھلاڑی ہیں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ شاہد آفریدی کی آمد سے کراچی کنگز کے اسکواڈ میں مقابلے کی فضا بہت اچھی ہوگئی ہے، آفریدی ایسے کھلاڑی ہیں جو ہمیشہ حریف کو سخت مقابلہ دیتے ہیں۔
کراچی کنگز کے کوچ نے کہا کہ شاہد آفریدی میں اب بھی وہ چاہت موجود ہے، وہ میچز جیتنا چاہتے ہیں، اچھی پرفارمنس دینا چاہتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ پاکستان کرکٹ ٹیم میں فیلڈنگ کا معیار بہتر کرنے کے لیے کافی متحرک رہتے ہیں اور شاہد آفریدی نے پی ایس ایل تھری کا بہترین کیچ پکڑا ہے تو کیا آپ چاہیں گے کہ آفریدی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے کر ٹیم میں واپس آجائیں تو مکی آرتھر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’میرا خیال ہے کہ آفریدی نے اپنا فیصلہ لے لیا ہے‘‘۔
مکی آرتھر نے پی ایس ایل تھری میں فیلڈنگ کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لیگ میں نوجوان کھلاڑی بھی بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں، فیلڈنگ کا معیار بگ بیش سے بھی اچھا نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی معیار کی فیلڈنگ وہ پاکستان کی قومی ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں جو انہیں پی ایس ایل میں نظر آرہی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کا فائدہ پاکستان کرکٹ کو ضرور ہوگا، میں لیگ کا معیار دیکھ کر بہت خوش ہوں۔