شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ ٹائی ہوگیا اور اب فیصلہ سپر اوور میں ہوگا۔
شارجہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور کی جانب سے آج عمر اکمل نے اننگز کا آغاز کپتان برینڈن مکلم کے ساتھ کیا تاہم وہ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور چار رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
عمر نہ صرف سمت پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے بلکہ اپنی ٹیم کا ریویو بھی ضائع کروایا جس کا نقصان فخر زمان کو ہوا جو امپائر کے غلط فیصلے کا شکار بنے۔
اس کے بعد کپتان برینڈن مکلم اور نوجوان بلے باز آغا سلمان کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے قلندرز کی اننگز کو سہارا دیا۔
آغا سلمان نے اپنی 48 رنز کی اننگز میں شاندار اسٹروک کھیل کر متاثر کیا تاہم محمد سمیع کی گیند پر وہ سمت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دنیش رامدین اور سہیل اختر بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور دونوں چار، چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
سنیل نارائن نے اپنی اننگز کا آغاز تیز انداز میں کیا تاہم 9 رنز بناکر وہ آندرے رسل کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز سہیل خان تھے جن کا شاندار کیچ آصف علی نے شاداب خان کی گیند پر پکڑا۔
اس سے قبل ایک مشکل وکٹ پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا۔
وکٹ اسپنرز کے لیے انتہائی سازگار ہے جہاں لاہور کے گیندبازوں نے پوری اننگز اسلام آباد کے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔
میچ کا پہلا اوور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے فخر زمان کو دیا اور ان کی یہ چال کام کرگئی۔ فخر زمان نے میچ کی دوسری ہی گیند پر لیوک رونکی کو کلین بولڈ کردیا۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز صاحبزادہ فرحان تھے جو سہیل خان کی گیند پر مڈ آن پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے۔
پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے سلمان ارشاد نے ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنی پہلی ہی گیند پر اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ کردیا۔
سلمان ارشاد کو شاہین آفریدی کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔
سمت پٹیل چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے جبکہ آصف علی بھی لیگ اسپنر کی سیدھی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد کو قابل قبول اسکور تک پہنچانے کی آخری امید جے پی ڈومنی بھی یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
فہم اشرف اور شاداب خان بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور بالترتیب صفر اور ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے مقررہ اوورز میں 121 رنز ہی اسکور کرپائی۔
اس سے قبل لاہور نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
برینڈن میکلم کی قیادت میں لاہور قلندرز اب تک تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
میکلم الیون میں فخر زمان، عمراکمل، سنیل نارائن، عامر یامین، حسن علی اور یاسر شاہ جیسے کھلاڑی شامل ہیں جب کہ کپتان اپنے چوتھے میچ میں کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو تین میں سے دو میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ ایک میچ میں اس نے فتح حاصل کی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کے پاس بھی بڑے ہتھیار موجود ہیں جن کی ٹیم میں ایلکس ہیلز، سیم بلنگ، جے پی ڈومنی، حسین طلعت، آندرے رسل، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع اور رومان رئیس شامل ہیں۔