اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ )کامن ویلتھ گیمز کے لیے قومی دستے کو حتمی شکل دے دی گئی۔ 58 کھلاڑی میڈلز کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔ دستے میں 32 آفیشلز بھی شامل ہیں۔ چار سال بعد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز ٹھیک ایک ماہ کی دوری پر ہیں۔ اس عالمی ایونٹ میں پاکستان سے 90 رکنی دستہ حصہ لے گا، جس میں 32 آفیشلز بھی شامل ہیں۔ 58 کھلاڑیوں میں محض 10 خواتین اتھلیٹس شامل ہیں۔ سب سے بڑی ٹیم ہاکی کی ہے، جس کی تعداد 24 ہے، مگر میڈل کی دوڑ میں دور دور تک شامل نہیں۔ بیڈمنٹن میں چار کھلاڑی اور دو آفیشلز، دوڑ کے مقابلوں میں 2 اتھلیٹس اور ایک آفیشل، 6 رکنی باکسنگ ٹیم میں 4 کھلاڑی اور دو آفیشلز، 9 رکنی شوٹنگ ٹیم میں دو آفیشلز 4 مرد اور 2 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ 2 مرد اور 2 خواتین اور 2 ہی آفیشلز پر مشتمل 6 رکنی دستہ سکواش کے محاذ پر ہنر آزمائے گا۔ 3 رکنی سوئمنگ ٹیم ایک آفیشل کے ہمراہ جبکہ 4 رکنی ٹیم، 2 آفیشلز کے ہمراہ ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ 7 کھلاڑی اور 2 آفیشلز ویٹ لفٹنگ ٹیم میں شامل ہیں۔ 6 پہلوان اور 2 آفیشلز ریسلنگ ٹیم میں زور آزمائیں گے۔ کامن ویلتھ گیمز میں شمولیت کے لیے کھلاڑیوں کی آسٹریلیا روانگی 27 مارچ سے شروع ہوگی۔ کامن ویلتھ گیمز 4 اپریل سے آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں شیڈول ہیں۔