پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں کوہاٹ ریجن میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے ، ڈسٹرکٹ کوہاٹ نے پندرہ میں سے نو گیمز جیت کر 132 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ، ڈسٹرکٹ کرک پانچ گولڈ جیت کر 82 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ ہنگو 65 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر رہی ، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اﷲ بنگش مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان ، ڈائریکٹر سپورٹس سید ثقلین شاہ ، ڈائریکٹرڈویلپمنٹ سلیم رضا، اے ڈی سپورٹس نعمت اﷲ مروت، اے ڈی منیر عباس ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سکندر شاہ ، اے ڈی سپورٹس ذاکر اﷲ،شفقت اﷲسمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں کوہاٹ ریجن میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے ڈسٹرکٹ کوہاٹ کی فتح کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئے ، جس میں ڈسٹرکٹ کوہاٹ نے مجموعی طور پر 9 گولڈ، چھ سلور میڈلز جیت کر 132 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، کرکٹ ڈسٹرکٹ نے پانچ گولڈ چار سلور اور ایک براؤنز میڈل جیت کر 82 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ ڈسٹرکٹ ہنگو نے ایک گولڈ پانچ سلور اور چار براؤنز میڈلز جیت کر 65 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ آخری روز کھیلے گئے مقابلوں میں کوہاٹ کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے باسکٹ بال میں ڈسٹرکٹ ہنگو کو 32-28 پوائنٹس سے ، بیڈمنٹن میں تین صفر اور ہاکی ایونٹ میں چار ایک سے کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ ڈسٹرکٹ کر ک نے کراٹے میں 65 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، کوہاٹ نے 55 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور ہنگو کی ٹیم 32 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر رہی ، ایتھلیٹس میں کرک پانچ گولڈ دو سلور میڈلز جیت کر پہلے جبکہ کوہاٹ چار گولڈ چار سلور میڈلز جیت کر دوسرے اور ہنگو ایک گولڈ دو سلور میڈلز جیت کر تیسرے نمبر پر رہی ، اسی طرح کبڈی میں بھی ڈسٹرکٹ کرک نے کوہاٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 25 کے مقابلے 19 پوائنٹس سے شکست دی آخر میں مہمان خصوصی تھے تمام فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹرجنر ل سپورٹس جنید خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل سطح پر مرد کھلاڑی15 گیمز فٹ بال، ہاکی، باسکٹ بال، والی بال، سکواش، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس،ٹینس، اتھلیٹکس، جمناسٹک، جوڈو، کراٹے، ریسلنگ، کبڈی، رسہ کشی، خواتین کھلاڑی 13 گیمز کرکٹ، نیٹ بال، ہاکی، باسکٹ بال، والی بال، سکواش، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، اتھلیٹکس، بیس بال، جوڈو، ہینڈ بال، رسہ کشی میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی راؤنڈ میں خواتین 17 اور مرد کھلاڑی 26 گیمز میں حصہ لیں گے خواتین ایونٹ میں تائیکوانڈو، ووشو، لان ٹینس، راؤنڈر، جبکہ مردانہ گیمز میں تائیکوانڈو، سائیکلنگ، ہینڈ بال، سنوکر، فل کنٹیکٹ کراٹے، سوئمنگ، موئے تھائی، آرچری، باکسنگ، ووشو اور ویٹ لیفٹنگ کا اضافہ کیا گیا ہے جس کا مقصد ان گیمز کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کا تمام سامان فراہم کیا جائے گا جس پر 60 ملین روپے اخراجات آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیمز کا شیڈول محکمہ تعلیم کے شیڈول مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے صوبائی راؤنڈ اپریل کے آخر میں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے والے صوبے کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سکالرشپ پراجیکٹ کاآغاز ہوچکا ہے اور اب تک انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز 2016 اور2017 کے فاتح کھلاڑیوں میں 3 کروڑ سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں بین الصوبائی گیمز کا انعقاد خوش آئند ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے پشاور سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی ہے اب یہاں ہر قسم گیمز کرانے کی سہولت دستیاب ہے۔