نیشنل بیس بال چیمپئن شپ پاکستان آرمی نے جیت لی

اسلام آباد(نواز گوہر سے)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام تئیسویں خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ جس کا انعقاد عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹائون لاہور میں کیا گیاتھا پاکستان آرمی نے فائنل میں پاکستان واپڈا کو شکست دے کر جیت لی۔ پاکستان پولیس کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔فائنل میچ جوکہ 9 اننگز پر مشتمل تھا پاکستان آرمی نے پاکستان واپڈا کو 8 – 6 سے ہرا کرجیت لیا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے ثاقب اور مجید نے دو دو رن جبکہ ارسلان جمشید ، عبیداللہ ، فقیر حسین اور نذیر احمد نے ایک ایک رن بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔ ارسلان جمشید، فقیر حسین اور نذیر احمد نے اپنی ٹیم کے لئے ہوم رن سکورکئے۔ پاکستان واپڈا کی جانب سے فضل الرحمان اور ذاکر آفریدی نے دوجبکہ برہان جوہراور زبیر نواز نے ایک ایک رن بنا یا۔ ذاکر آفریدی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لئے دو ہوم رن سکور کئے۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن تھے۔ اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید، محمد خالد محمود سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ، بریگیڈئیر غلام جیلانی ڈائریکٹر آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ اور رانا محمد جمیل سیکرٹری جنرل پاکستان ٹگ آف وار فیڈریشن بھی موجود تھے۔ سید فخرعلی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی اور دوسرے مہمانوں کا استقبال کیا۔ بریگیڈئیر غلام جیلانی نے پاکستان پولیس کی ٹیم کو برائونز میڈل، شوکت جاوید نے پاکستان واپڈاکی ٹیم کو سلورمیڈل جبکہ مہمان خصوصی جنرل عارف حسن نے چیمپئن شپ کی فاتح پاکستان آرمی کی ٹیم کو گولڈ میڈل اور ٹرافی سے نوازا۔ پاکستان واپڈا کے پچر حافظ محمد عثمان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا خاور شاہ ایوارڈ وصول کیا۔

میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل عارف حسن نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی بیس بال کے انٹر نیشنل مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وطن کے لئے کامیابیاں سمیٹیں گے ۔ سید فخر علی شاہ صدرپاکستان فیڈریشن بیس بال کے مطابق اس سال پاکستان بیس بال ٹیم نے ایشین گیمز جوکہ انڈونیشیا میں منعقد ہوں گی حصہ لینا ہے ۔ اس سلسلے میں فیڈریشن نیشنل بیس بال چیمپئن شپ میں منتخب ہونے والے 35 کھلاڑیوں کا نیشنل ٹریننگ کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں لگائے گی ۔

تعارف: newseditor