پشاور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انڈر23 گیمز کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلے گزشتہ روز بنوں میں مردوں کے مقابلوں کا آغاز بنوں سپورٹس کمپلیکس میں ہوا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بنوں طاہر سلیم مہمان خصوصی تھے جنہوں نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا‘ان کے ہمراہ سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر انور رشید ،ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس سید ثقلین شاہ ‘اے ڈی سپورٹس نعمت اﷲ مروت، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لکی مروت شفقت اللہ ‘بنوں امیر زاہد شاہ‘اے ڈی ڈیویلپمنٹ منیر عباس‘صدر کے پی کبڈی ایسوسی ایشن پیر برکت اللہ ‘ذاکر اللہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘مقابلوں میں 430 مرد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ‘تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ‘ثاقب نے نعت کی سعادت حاصل کی ‘ثاقب ڈسٹرکٹ کی سطح پر نعتیہ مقابلوں میں ونر بھی ہیں ‘حراءہائی سکول کے بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا اس موقع پر لوکل بینڈ نے خوبصورت دھنیں پیش کیں‘ایتھلٹس کے گروپ نے روایتی رقص اتنڑ پیش کیا ‘لکی مروت اور بنوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ‘گورنمٹ ہائر سیکنڈری سکول کے طالب علم محمد مبشر نے قومی نغمہ پیش کیا ‘سرائے نورنگ کے بچوں نے بھی قومی نغمے پیش کئے‘اسسٹنٹ کمشنر بنوں طاہر سلیم نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کے آغاز کا اعلان کیا ‘430 مرد کھلاڑی 15 مختلف گیمز میں شرکت کررہے ہیں ان میں جوڈو‘ایتھلیٹکس‘باسکٹ بال ‘بیڈمنٹن ‘کرکٹ ‘ہینڈ بال ‘والی بال ‘ٹیبل ٹینس‘کراٹے ‘ریسلنگ ‘لان ٹینس ‘جمناسٹک ‘سکواش ‘ہاکی اور رسہ کشی شامل ہیں ‘گیمز کے افتتاح کے ساتھ ہی فضاءمیں کبوتر اور غبارے چھوڑے گئے غباروں کے ساتھ بینرز بھی آویزاں تھے جن پر کھیلوں سے متعلق نعرے درج تھے‘
اسسٹنٹ کمشنر بنوں طاہر سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ان گیمز کے ذریعے دنیا بھر کو امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں ‘انہوں نے کہا کہ بنوں نے ورلڈ کلاس ہاکی اور والی بال کے کھلاڑی پیدا کئے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر قومی پرچم کو بلند کیا اس کے ساتھ ساتھ لکی مروت سے بہترین مارشل آرٹس اور کبڈی کے کھلاڑی سامنے آئے ہیں انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے انڈر23 گیمز کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان گیمز میں مجموعی طور پر ساڑھے گیارہ ہزار سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت بہت بڑی کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ان کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کسی کارنامے سے کم نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بنوں اور لکی مروت کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور امید ہے کہ یہ ان گیمز میں میڈلز جیتیں گے ‘افتتاحی روز ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں بنوں نے لکی مروت کو صفر کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی ‘آٹھ سو میٹر ریس میں بنوں کے لقمان نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا ‘بنوں ہی کے محمد مرتضیٰ دوسرے اور لکی مروت کے محمد نذیر تیسرے نمبر پر رہے ‘رسہ کشی کے مقابلوں میں بنوں نے لکی مروت کو ایک کے مقابلے میں دو گیمز سے شکست دی‘اے سی کوہاٹ طاہر سلیم نے ونر کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے ونر کو بیس ہزار اور رنر اپ کو پندرہ ہزار روپے انعامات سے نوازاز گیا۔