کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست،،،ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے وجہ بتا دی

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کراچی کنگز سے شکست کی وجہ اپنی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کو قرار دے دیا۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی چھٹی فرنچائز ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ کا آغاز انتہائی شاندار کیا تھا اور اپنے ابتدائی دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن آج کراچی کنگز کے خلاف کھیلے جانے والا میچ میں انہیں 63 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ملتان سلطانز کو پی ایس ایل میں اب تک 9 میچز میں سے 4 میں کامیابی اور 4 میں شکست کا سامنا رہا جبکہ ایک میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔میچ میں شکست کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم پلاننگ کے ساتھ کھیلی لیکن فیلڈنگ کا شعبہ کمزور ہے اور گزشتہ میچز میں بھی ہمارے کھلاڑیوں سے کئی کیچ ڈراپ ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں میچز میں ناکامی ہوئی ہے اور کوچنگ اسٹاف نے بھی ان کی وجوہات کا تعین کیا ہے جس کے بعد ان شعبوں میں بہتری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔قومی ٹیم کی نمائندگی کی حوالے سے سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ اگر پی سی بی نے  مستقبل میں میری قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا ہوا تو امید ہے کہ وہ مجھ سے ضرور کہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو ادھر ادھر بیٹھ کر شور مچاتے ہیں بس پاکستان کرکٹ میں بہتری دیکھنا چاہتا ہوں اور مجھے یقین ہے ٹیم کو میری ضرورت نہ ہونے پر میڈیا کے بجائے ٹیم منیجمنٹ مجھے آگاہ کرے گی۔کراچی کنگز کے خلاف میچ میں امپائرنگ کے حوالے سے شعیب ملک نے بتایا کہ امپائرز اور ہمارے کوچنگ اسٹاف نے اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کیا، ہمیں لگا کہ جس بال پر کیرون پولارڈ آؤٹ ہوئے وہ نو بال تھی لیکن امپائرز نے بتادیا کہ وہ نوبال نہیں تھی۔

 

تعارف: newseditor