ہاکی کے سابق اولمپئنز کا برا حال

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کا قومی کھیل ہاکی خستہ حالی کا شکار ہے۔ پاکستان نے عالمی مقابلوں میں سب سےزیادہ گولڈ میڈل ہاکی میں جیتے۔ ان تمام تر فتوحات کے متعدد ہیروز مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ حال ہی میں ایشین گیمز، ایشیا کپ، اندرا گاندھی گولڈ کپ، بی ایم ڈبلیو ٹرافی سمیت 7 عالمی ایونٹس میں گولڈ میڈلزحاصل کرنے والے سابق اولمپئن زاہد شریف نے غربت سے تنگ آکر اپنے میڈلز فروخت کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ان مشکلات کو حل کرنے کےلیے سابق اولمپئن نوید عالم پلیئرز ویلفیئر فاؤنڈیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے نوید عالم نے کہاکہ پاکستان ہاکی ٹیم کو 4بار عالمی چیمپئن،3 بار اولمپکس چیمپئن سمیت دنیا کے تمام عالمی اعزازات حاصل کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، ان بڑی کامیابیوں کے باوجود اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو کوئی پرسان حال نہیں، پلیئرز کی بڑی تعداد ایسی ہے جوغربت اور بیماری کا مقابلہ کرتے دنیا سے چلے گئے۔نوید عالم نے کہا کہ فاؤنڈویشن بنانے کا مقصد قومی کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں اور ان کے اہلخانہ کو باعزت طور پر زندگیاں گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تعارف: newseditor