نیویارک(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈبلیو ڈبلیو ای نے آخرکار اپنے ایک مقبول ترین ریسلر کو رنگ میں واپسی کے لیے کلیئر کردیا ہے جو ان کے کروڑوں مداحوں کے لیے غیرمتوقع سرپرائز سے کم نہیں۔اور یہ ریسلر ہیں ڈینیئل برائن، جنھوں نے فروری 2016 میں مختلف طبی مسائل کی وجہ سے جبری ریٹائرمنٹ پر مجبور ہونا پڑا تھا۔دماغی چوٹوں کی وجہ سے ڈینیئل برائن کو ڈبلیو ڈبلیو ای نے ڈاکٹروں کے مشورے پر میچز میں شمولیت سے روکا تھا اور انہیں 34 سال کی عمر میں ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا پڑا۔اس وقت ڈینیئل برائن اسمیک ڈاﺅن کے جنرل منیجر ہیں اور گزشتہ روز اچانک ڈبلیو ڈبلیو ای نے انہیں رنگ میں لڑنے کے لیے کلیئر قرار دیا، جس کے لیے کمپنی نے دماغی طبی ماہرین سے ریسلر کا طبی معائنہ بھی کرایا تھا۔ڈینیئل برائن نے کلیئر کیے جانے پر ایک ٹوئیٹ میں کہا ‘ ان تمام افراد کا شکریہ جنھوں نے مجھے سپورٹ کیا اور میں اپنے خواب کی تعبیر کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے قابل رہا’۔جسمانی طور پر دیگر ریسلرز کے برعکس ڈینیئل برائن زیادہ بھاری جسامت کے حامل نہیں مگر پھر بھی اپنی صلاحیتوں اور پرستاروں میں بہت زیادہ مقبولیت کے باعث ڈبلیو ڈبلیو ای انہیں ٹاپ ریسلرز کی فہرست میں شامل کرنے پر مجبور ہوگئی تھی، جنھوں نے 4 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ بھی ریٹائرمنٹ سے قبل اپنے نام کی تھیں۔منگل کو اسمیک ڈاﺅن میں اس خبر بات جذباتی خطاب کرتے ہوئے ریسلر نے کہا کہ ان کی بیوی نے انہیں کہا تھا کہ وہ دوبارہ ریسلنگ کا حصہ بننے کے خواب سے دستبردار نہ ہو۔انہوں نے کہا ‘ ایسا وقت بھی آیا تھا جب میں اس وجہ سے مایوس ہوچکا تھا کہ میں وہ کچھ نہیں کرسکتا، جس سے مجھے محبت ہے اور میں نے شکرگزار بننے پر توجہ مرکوز کی’۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے اپنے کیس پر دوبارہ نظرثانی کا مطالبہ کرتے رہے اور کمپنی نے انہیں بہترین نیورولوجسٹس کے پاس بھیجا اور سب نے انہیں کلیئر قرار دیا۔رنگ کے لیے کلیئر ہونے کے فوری بعد ڈینیئل برائن ایک بار پھر ممکنہ طور پر ریسل مینیا 34 میں ایکشن میں دکھائی دے سکتے ہیں، جس کا عندیہ گزشتہ روز کے شو میں اس وقت نظر آیا، جب انہوں نے بطور جنرل منیجر کیون اوئنز اور سمیع زین کو اسمیک ڈاﺅن کمشنر شین میکموہن پر حملہ کرنے پر ‘فارغ’ کردیا۔اس پر دونوں ریسلرز نے ڈینیئل برائن پر حملہ کیا اور ایسا لگتا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے ایونٹ میں 2 سال بعد رنگ میں واپسی کرنے والے ریسلر شین میکموہن کے ساتھ کیون اوئنز اور سمیع زین یا شین میکموہن کے مدمقابل آسکتے ہیں۔