آکلینڈ(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے انگلش ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں اڑا دیں، انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 58 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جن میں سے5کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے، نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے 6اور ساؤتھی نے4کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر175رنز بنا کر مجموعی طور پر117رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کپتان کین ولیمسن91اور ہنری نیکولز 24 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیمز اینڈرسن نے 2 اور سٹورٹ براڈ نے ایک وکٹ لی۔جمعرات کو آکلینڈ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کیوی قائد ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بولٹ اور ساؤتھی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا، انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں صرف 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بولٹ اور ساؤتھی نے برق رفتار باؤلنگ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو وکٹ پر جمنے کا موقع ہی نہ دیا، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ایلسٹرکک 5، مارک سٹونمین 11، کپتان جوروٹ، بین سٹوکس، جونی بیئرسٹو، معین علی اور سٹورٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے، ڈیوڈ میلان 2، کرس ووکس 5 اور اینڈرسن 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اوورٹن نے 33 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، بولٹ نے 6 اور ساؤتھی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 175 رنز بنا کر مجموعی طور پر 117 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، جیت راول 3، ٹام لیتھم 26 اور روز ٹیلر20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان ولیمسن 91 اور ہنری نیکولز 24 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں، اینڈرسن نے 2 اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔