یونس خان ستارہ امتیاز ملنے پر شکرگزار، قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ستارہ امتیاز ملنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے جب کہ پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد بھی دی ہے۔سوشل میڈیا پر ایک مختصر وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سارے پاکستان کو یوم پاکستان کی بہت مبارکباد، 23مارچ1940کو منٹو پارک لاہور میں قائداعظم محمد علی جناح کی سربراہی میں قرارداد پاکستان پیش کی گئی اور ہمارے پیارے پاکستان کی بنیاد اس پر رکھی گئی، مجھے خوشی ہے کہ اس سال 23 مارچ کو حکومت پاکستان نے میرے لیے ایک اور ایوارڈ ستارہ امتیاز کا اعلان کیا ہے، شکریہ پاکستان ، پاکستان زندہ باد۔واضح رہے کہ یونس خان، مصباح الحق، شاہد آفریدی اور سرفراز احمد کو حکومت پاکستان کی جانب سے 23 مارچ کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے، یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کی ٹرافی اپنے نام کی تھی، مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان ٹیم پہلی مرتبہ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بنی اور وہ قومی ٹیم کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان بھی بنے۔ورلڈ کپ 2009 میں شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم ورلڈ چیمپئن بنی تھی، قومی ٹیم کے تینوں فارمیٹس میں موجودہ کپتان سرفراز احمد کو بھی ستارہ امتیاز دیا جائے گا، ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی جیتی جب کہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بنی۔

تعارف: newseditor