کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز پاکستان آکر نہ کھیلنے والے غیرملکی کرکٹرز کو ٹیم میں شامل ہی نہ کریں۔ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام فرنچائز انتظامیہ کو غیرملکی کرکٹرز کے ساتھ اپنے معاہدوں میں یہ شق شامل کرنی چاہیے کہ وہ میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آئیں گے، اور جوپلیئرز پاکستان آ کر کھیلنے پر آمادہ نہ ہوں انہیں ٹیم میںشامل ہی نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے متعدد غیرملکی پلیئرز نے پاکستان آنےسے انکار کر دیا تھا، نئے پلیئرز کو کھلانے کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کمبی نیشن متاثر ہوا اور وہ پشاور زلمی سے میچ میں شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تھی، پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں بھی گلیڈی ایٹرز کے غیرملکی پلیئرز پاکستان نہیں آئے تھے جس کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔