کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کیریئر کی طوالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کم ٹیسٹ میچوں میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے ،ذرائع کے مطابق اس حوالے سے انہوں نے قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ اصولی معاہدہ کرلیا ہے جو مستقبل میں بائیں ہاتھ کے پیسر پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا جائزہ لیں گے جس کے تحت انہیں آئندہ کم ٹیسٹ میچوں میں کھلایا جائے گا۔ پچیس سالہ فاسٹ بالر محمد عامر نے نو سال قبل ڈیبیو کے بعد 30 ٹیسٹ کھیلے ہیں لیکن انہیں اسی دوران دو ہزار دس میں سپاٹ فکسنگ کیس میں پانچ سالہ پابندی کے عرصے میں کسی بھی قسم کی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔کھیل میں واپسی کے بعد 16 ٹیسٹ میچز میں وہ 37.25 کی اوسط سے 44 وکٹیں ہی لے سکے ہیں اور انہیں تینوں فارمیٹس میں مسلسل کرکٹ کھیلنا پڑی ہے جس میں کاؤنٹی کرکٹ اور دیگر ٹی ٹونٹی لیگز بھی شامل کی جائیں تو ان پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے ۔ محمد عامر کے مطابق دو ہزار دس کے بعد کرکٹ تبدیل ہو گئی ہے اور پانچ سالہ عرصہ گنوایا نہ جاتا تو ان کے ٹیسٹ میچز کی تعداد 70 سے 80 بھی ہو سکتی تھی لہٰذا وہ کھویا ہوا وقت واپس نہیں لا سکتے مگر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بھی آئرن مین نہیں محض ایک انسان ہیں اور بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ لوگ انہیں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے کیریئر پر توجہ دینا ہوگی اور اسی پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے مکی آرتھر کے ساتھ روٹیشن پالیسی اپنانے کا معاہدہ کیا ہے جس سے تمام پیسر تازہ دم اور فٹ رہیں گے اور یہ منصوبہ بندی ورلڈ کپ 2019 ء کیلئے بھی کارآمد ثابت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتے بلکہ صرف اہم میچز کھیلنا اولین مقصد ہوگا ۔