کینبرا(سپورٹس لنک رپورٹ)بال ٹیمپرنگ کیس میں ایک سال کے لیے معطل ہونے والے آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے بعد ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے بھی جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔آسٹریلوی کوچ ڈیرن لی مین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تک مستعفی ہونے کا فیصلہ نہیں کیا تھا لیکن مجھ پر اور میری فیملی پر بہت زیادہ الزامات عائد کیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی فیملی اور دوستوں سے مشورہ کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ ٹیم آسٹریلیا کے کوچ سے مستعفی ہونے کا بہترین فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یقینی طور پر ٹیم کے کلچر کا ذمہ دار ہوں اور اس واقعے کے بعد سے میں سے اپنی پوزیشن کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ڈیرن لی مین کا کہنا تھا کہ اسٹیون اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کے بیانات کے بعد میرے لیے یہی مناسب تھا کہ میں مستعفی ہو جاؤں اور یہ فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کو ٹیم کے کلچر کا مکمل جائزہ لینے اور تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے آسٹریلین عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ میں اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہو رہا لیکن جنوبی افریقا کے خلاف آخری ٹیسٹ کے لیے میری نیک خواہشات ان کے اور ٹیم کے ساتھ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیرن لی مین کھلاڑیوں کا بہت خیال رکھتے تھے اور ان کے کھاتے میں آسٹریلیا کے لیے بہت سی فتوحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیرن لی مین کے متادل کے لیے ہمارے پاس کافی ٹائم ہے کیونکہ آسٹریلیا کو جون میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔