کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا ویمنز کے خلاف پاکستانی ٹیم صرف 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میزبان ٹیم نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔جمعہ کو کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18.4 اوورز میں 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔کپتان بسمہ معروف 20، ثنا میر 13 اور سدرہ امین 10 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ باقی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔دیگر کھلاڑیوں میں ناہیدہ خان 5، جویریہ خان 3، ندا ڈار 4، کائنات امتیاز ایک، فریحہ محمود 5، ناشرہ اور غلام فاطمہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔سری لنکا کی جانب سے ششیکلا سری وردنے نے 4 جبکہ سوگندیکا نے 2 وکٹیں لیں۔جواب میں سری لنکا کی ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی حاصل کر لی۔سری لنکا کی جانب سے سنجی وانی 20 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ وان ڈارٹ 19 اور ششیکالا سری وردنے 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا جہاں سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلی گئی سیریز میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔