مچل سٹارک ان فٹ،دورہ جنوبی افریقہ اور آئی پی ایل سے باہر

جوہانسبرگ (سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلوی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر مچل سٹارک فٹنس مسائل کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ اور آئندہ ماہ شیڈول انڈین پریمیئر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن سے باہر ہو گئے۔ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے ، ڈیرن لی مین کے بطور کوچ مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد سٹارک کی انجری کینگروز کیلئے ایک اور بھیانک خبر ہے۔ آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق فاسٹ بائولر سٹارک کی دائیں ٹانگ میں سڑیس فریکچر ہے، فزیو تھراپسٹ نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ پروٹیز کے خلاف چوتھے ٹیسٹ اور آئی پی ایل سے بھی باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ چیڈ سیئرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع مل گیا۔ سٹارک کی انجری کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیلئے بھی باعث تشویش ہے، نائٹ رائیڈرز کو پہلے ہی کرس لین، آندرے رسل کی فٹنس کا انتظار ہے، سٹارک رواں سال آئی پی ایل سے باہر ہونے والے تیسرے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں، سمتھ اور وارنر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہے۔

تعارف: newseditor