دوسرا ٹیسٹ: بیئراسٹو نے انگلینڈ کو مکمل تباہی سے بچا لیا

کرائسٹ چرچ(سپورٹس لنک رپورٹ)جونی بیئراسٹو کی جرات مندانہ اننگز نے انگلینڈ کو مکمل تباہی سے بچا لیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنا لیے ہیں۔جمعہ کو کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ باؤلرز نے بالکل درست ثابت کر دکھایا۔ٹم ساؤدھی اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک بار پھر حریف بلے بازوں کو پریشانی سے دوچار کیا اور اننگز کے تیسرے ہی اوور میں مہمان ٹیم کو اسٹار بلے باز ایلسٹر کک کا نقصان اٹھانا پڑا جو 2 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔38 کے اسکور پر جیمز ونس 18 رنز بنانے کے بعد ساؤدھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اس موقع پر کپتان جوروٹ نے اسٹون مین کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 93 کے سکور پر ساؤتھی نے روٹ کو کلین باؤلڈ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی۔اگلے ہی اوور میں بولٹ نے ڈیوڈ ملان کو آؤٹ کر کے مہمان ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ اسٹون مین 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 94 رنز پر آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔مشکل مرحلے پر بین اسٹوکس اور بیئرسٹو نے مل کر 57 رنز کی شراکت قائم کی بولٹ نے 25 رنز بنانے والے اسٹوکس کو ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی جبکہ اسٹورٹ براڈ کی اننگز بھی 5 رنز پر تمام ہوئی۔دوسرے اینڈ سے بیئراسٹو ڈٹے رہے اور مارک وْڈ کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 95 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، 259 کے اسکور پر وْڈ 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ساؤدھی کی گیند پر باؤلڈ ہوئے۔اس کے بعد جیک لیچ نے بیئراسٹو کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا۔جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 8 وکٹوں پر 290 رنز بنائے تھے، بیئراسٹو 97 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں اور انہیں کیریئر کی پانچویں سنچری بنانے کے لیے صرف 3 رنز درکار ہیں جبکہ اور لیچ 10 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔بولٹ اور ساؤدھی پر مشتمل نیوزی لینڈ کی فاسٹ باؤلنگ جوڑی نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جہاں ساؤدھی نے 5 اور بولٹ نے 3 وکٹیں لیں۔

تعارف: newseditor