میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی

میامی(سپورٹس ڈیسک)امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل سیمی فائنل مرحلے میں امریکی سٹار سلون سٹیفنز نے بیلاروس کی وکٹوریا ازارینکا اور لیٹویا کی یلینا اوسٹاپینکو نے امریکا کی ڈینیئل کالنز کو مات دے کر فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کرلی،مینز سنگل مقابلوں میں جرمنی کے الیگزینڈر زویریو اور اسپین پابلو کیرینو بسٹا لاسٹ فور میں شامل ہوگئے،کروشیا کے بورنا کورچ اور جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کی بسکین میں ہونے والے ویمنز سنگل سیمی فائنل مرحلے میں یو ایس اوپن چیمپئن اور نمبر تیرہ سیڈ امریکی پلیئر سلون سٹیفنز نے بیلاروس کی وکٹوریا ازارینکا کیخلاف پہلا سیٹ تین،چھ سے گنوادیا اور دوسرے سیٹ میں بھی دو گیمز ہارنے کے بعد انہوں نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے لگاتار دس گیمز میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے چھ،دو اور چھ،ایک سے کامیابی کی بدولت فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سلون سٹیفنز کا فائنل میں مقابلہ نمبر چھ سیڈ لیٹویا کی یلینا اوسٹاپینکو سے ہوگا جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں امریکی کوالیفائر ڈینیئل کالنز کو سات،چھ اور چھ،تین سے شکست دی تھی۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل کوارٹر فائنل راؤنڈ میں نمبر چار سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویریو نے نمبر انتیس سیڈ کروشیا کے بورنا کورچ کو چھ،چار کے یکساں سکور سے مات دے کر لاسٹ فور راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا سامنا نمبر سولہ سیڈ سپین کے پابلو کیرینو بسٹا سے ہوگا جنہوں نے لاسٹ ایٹ مرحلے میں نمبر چھ سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو دو گھنٹے اور بیالیس منٹ کی سخت جدوجہد کے بعد چھ،چار،پانچ،سات اور سات،چھ سے ٹھکانے لگایا تھا۔ الیگزینڈر زویریو اگر فائنل میں پہنچ کر ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے تو وہ رافیل نڈال،راجر فیڈرر، جوکووچ اور اینڈی مرے کے بعد تین بڑے ٹورنامنٹس جیتنے والے اولین پلیئر بھی بن جائیں گے۔

تعارف: newseditor