سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے دورہ پاکستان کے لئے پی سی بی سے رابطہ کرنے کی خبروں کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان کو مہمان کینگروز کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی کرنا ہے۔اس حوالے سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کی جائے۔تاہم کینگروز بورڈ کے ترجمان نے ان خبروں کی تصدیق سے انکار کیا اور کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی ہماری سب سے اولین ترجیح ہے اور آسٹریلوی ٹیم کے نقطہ نظر سے ہم سیریز متحدہ عرب امارات سے کہیں اور منتقل کرنے پر غور نہیں کر رہے۔یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے 1998 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا اور دونوں ممالک متحدہ عرب امارات، انگلینڈ اور سری لنکا کے میدانوں کو سیریز کے لئے نیوٹرل وینیو کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے دورہ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ سے درخواست کی ہے جس پر کیویز بورڈ نے غور شروع کردیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی درخواست پر دورہ پاکستان کے لئے حکومت، کھلاڑیوں اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں سے بات چیت کی جائے گی جس کے بعد درخواست پر جواب دیا جائے گا۔