واحد ٹیسٹ میچ ،پاکستان اور ائرلینڈ کا جوڑ کل پڑے گا

ڈبلن(سپورٹس لنک رپورٹ)کل سے مالاہائیڈڈبلن میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان شروع ہونیوالا واحد ٹیسٹ اس اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل ہے کہ مہمان ٹیم طویل فارمیٹ میں پہلی بار آزمائش کیلئے میدان سنبھالے گی اور اس کے کھلاڑی بھی انٹرنیشنل ٹیسٹ رینکنگ میں اپنا کھاتہ کھول لیں گے ،اس اولین آزمائش کیلئے پرجوش آئرش کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کا کہنا ہے کہ آئرش کرکٹ سے منسلک ہر شخص کیلئے یہ انتہائی اہم موقع ہے کیونکہ اس مرحلے تک رسائی کیلئے کافی وقت لگا اور سخت محنت کرنا پڑی،میدان سنبھالنے والے گیارہ پلیئرز کیلئے یہ بڑا یادگار لمحہ ہوگا۔یورپی ٹیم نومبر 2000 میں بنگلہ دیش کے بعد عالمی کرکٹ کی پہلی سائیڈ ہے جسے طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں قدم رکھنے کا موقع مل رہا ہے،آئرلینڈ کو گزشتہ برس جون میں افغانستان کیساتھ مکمل رکنیت کا حقدار قرار دیا گیا تھا اور اب اس ٹیم کیساتھ ہی اس کے کھلاڑی بھی عالمی ٹیسٹ رینکنگ کا حصہ بن جائیں گے ۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کیلئے بھی تاریخ کا حصہ بننا ایک اہم اعزاز ہے اور ان سمیت تمام پاکستانی کھلاڑیوں کی نگاہیں اس تاریخی ٹیسٹ پر مرکوز ہیں ۔ان کاکہناہے کہ اس اہم موقع پر وہ آئرلینڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہی ہے ۔ اس ملک میں کھیل کی بڑی قدیم روایات ہیں اور اس کے کھلاڑی ون ڈے کے علاوہ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں شامل ہوتے رہے ہیں اور اب ان کیلئے یہ اہم موقع بھی آگیا ہے کہ انہیں ٹیسٹ رینکنگ میں بھی شمولیت کا موقع مل جائیگا۔ پاکستانی ٹیم نے اگر آئرلینڈ کیخلاف اس میچ میں کامیابی حاصل کی تو اسے ایک پوائنٹ ہی مل سکے گا اور ساتویں نمبر پر موجود ٹیم کے 87پوائنٹ ہو جائیں گے تاہم ڈرا کی صورت میں اس کے پوائنٹس کی تعداد 84اور شکست کی صورت میں 81تک جا پہنچے گی تاہم اس کی پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔

تعارف: newseditor