پریذیڈنٹ ٹرافی: اسٹیٹ بینک، پی ٹی وی اور واپڈا کی کامیابی

پریذیڈنٹ ٹرافی: اسٹیٹ بینک، پی ٹی وی اور واپڈا کی کامیابی

عرفان خان کی سنچری، جہانداد خان کی سات اور خالد عثمان کی پانچ وکٹیں

کراچی 12 جنوری، 2024:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں اسٹیٹ بینک نے کے آر ایل کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پی ٹی وی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 209 رنز سے ہرادیا۔ واپڈا نے ایس این جی پی ایل کے خلاف میچ 144 رنز سے جیت لیا۔

چوتھے اور آخری دن کے کھیل کی خاص بات اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے عرفان خان کی سنچری اور پی ٹی وی کے جہانداد خان کی سات اور واپڈا کے خالد عثمان کی پانچ وکٹیں تھیں۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کو واپڈا کے خلاف میچ جیتنے کے لیے367 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم وہ دوسری اننگز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ایس این جی پی ایل کی پہلی شکست ہے۔
اسد شفیق نے سولہ چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اسطرح وہ آٹھ رنز کی کمی سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 32 ویں سنچری مکمل نہ کرپائے۔
لیفٹ آرم اسپنر خالد عثمان نے 64 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اسطرح میچ میں انہوں نے 9 وکٹیں 153 رنز کے عوض حاصل کیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک نے کے آر ایل کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔
اسٹیٹ بینک کو میچ جیتنے کے لیے 245 رنز کا ہدف ملا تھا۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے تھے اور اسے جیت کے لیے مزید 50 رنز درکار تھے اور اس کی چار وکٹیں باقی تھیں ۔عرفان خان جو گزشتہ روز 56 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے نہ صرف اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے بلکہ انہوں نے تیرہ چوکوں کی مدد سے 101 رنز ناٹ آؤٹ بناکر اپنی ٹیم کو جیت سے بھی ہمکنار کردیا۔
عرفان خان نے پہلی اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے91 رنز بنائے تھے اور آؤٹ نہیں ہوئے تھے۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں پی ٹی وی نے ہائر ایجوکیشن کو 209 رنز سے ہرادیا۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں پی ٹی وی کی پہلی کامیابی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کو جیتنے کے لیے407 رنز کا ہدف ملا تھا۔ گزشتہ روز اس کی 3 وکٹیں 76 رنز پر گرگئی تھیں۔ آج پوری ٹیم 197 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
محمد حریرہ چھ چوکوں کی مدد سے 63 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
جہانداد خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 65 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں اسطرح انہوں نے میچ میں 9 وکٹیں 139 رنز دے کر حاصل کیں۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کا چھٹا راؤنڈ پندرہ جنوری سے شروع ہوگا۔
واپڈا کا مقابلہ غنی گلاس سے اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگی جبکہ پی ٹی وی اور کے آر ایل کےدرمیان میچ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔

 

error: Content is protected !!