پاکستان سکواش سرکٹ – ون،مینز اور ویمنز کے فائنل کی لائن اپ مکمل

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) فرحان محبوب اوراسرار احمد نے مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں جاری پاکستان سکواش سرکٹ – ون کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ پہلا سیمی فائنل ایک یک طرفہ میچ ثابت ہوا جس مین فرحان محبوب نے فرحان زمان کو تین ،صفر سے باآسانی شکست دے دی۔ تجربہ کار فرحان محبوب شروع سے ہی اپنے مخالف کھلاڑی پرحاوی رہے اور پہلی گیم 11/8 سے جیت لی۔ دوسری گیم میں دونوں کھلاڑیوں نے زبردست کھیل پیش کیا تاہم فرحان محبوب نے یہ گیم بھی 11/9 سے جیت لی۔ تیسری گیم میں ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں فرحان محبوب نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 13/11 سے کامیابی حاصل کر کے چیمپئین شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہ میچ 36 منٹ تک جاری رہا۔

دوسرا سیمی فائنل عماد فرید اور اسرار احمد کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلی گیم میں عماد فرید نے11/8سے کامیابی حاصل کی تاہم اسرار نے دوسری گیم میں اپنے حریف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور یہ گیم 11/5 کے سکور سے جیت لی۔ تیسری گیم میں عماد فرید نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے با آسانی 11/4 سے جیت لی۔ چوتھی گیم میں عماد اپنے حریف پر حاوی رہے تاہم اسرار نے چار میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے یہ گیم 13/11 سے جیت کر میچ دو،دو سے برابر کر دیا ۔ پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا تا ہم اسرار نے یہ گیم 11/10سے جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔61 منٹ تک جاری رہنے والے اس سنسنی خیز میچ کو شائیقین نے بڑے انہماک سے دیکھا اور دونوں کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔

خواتین کے مقابلوں میں پہلا سیمی فائنل مدینہ ظفر اور زویا خا لد کے مابین کھیلا گیا۔ مدینہ ظفر نے زویا خالد کو 19 منٹ تک جاری رہنے والے اس یک طرفہ میچ میں ,11/7,11/9)اور 11/7 ( سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں فائزہ ظفر نے آمنہ فیاض کو تین کے مقابلے میں ایک گیم سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ آمنہ نے پہلی گیم 11/5 کے سکور سے جیت کر میچ میں برتری حاصل کر لی تاہم فائزہ نے اگلی تینوں گیمز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ گیمز 11/9,11/8)اور (11/5 سے کر جیت کر فائنل میں جگہ بنائی ۔ یہ میچ 26 منٹ تک جاری رہا۔ خواتین کے فائنل کی اہم بات یہ ہے کہ دو بہنیں پانچ ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کے لئے ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی ۔دونوں ایونٹس کے فائنلز13 مئی 2018 کو مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔

تعارف: newseditor