اسلام آباد(نواز گوھر )پاکستان فیڈریشن بیس بال اور بحریہ ٹاؤن سپورٹس ونگ کے زیر اہتمام بحریہ نیشنل انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ کاعاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میں آغاز ہوگیا ہے۔ ایونٹ میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مراکہ کوارٹرز لاہور، علی گڑھ پبلک سکول مانگا منڈی ، گورنمنٹ ہائی سیکنڈری سکول مانگا منڈی ، میسیج گرامر سکول ازمیر ٹاؤن لاہور، ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹاؤن، کریسنٹ سکول شادمان، الائیڈ پبلک سکول دیپالپور، ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد، دانش سکول حاصل پور بہاولپور اور تاج پبلک سکول خیبر ایجنسی فاٹا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید خاورشاہ نے جوکہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے ڈائریکٹر سپورٹس بھی ہیں نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ہیڈ کوچ مصدق حنیف بھی موجود تھے۔
شیخ مظہر احمد نے مزید بتا یا کہ سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا۔ تعارف کے بعد مہمان خصوصی شوکت جاوید نے بال پچ کرکے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی شوکت جاوید نے بحریہ نیشنل انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی تعریف کی۔ اُن کے مطابق اس چیمپئن شپ سے بیس بال کو سکولز اور کالجز میں متعارف کروانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کا بھی ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز کھیلے گئے میچز میں دانش سکول، ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹاؤن، الائیڈ پبلک سکول دیپالپور اور گورنمنٹ ہائی سکول مراکہ کوارٹرز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ۔
دانش سکول حاصل پور نے ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد کو 10-0 سے شکست دی ۔ دانش سکول کے لئے سلیم ، دانش اور طلحہ نے دو رن سکورکئے جبکہ فرحان ، وسیم ، عمر اور ابوبکر نے ایک ایک رن سکور کرکے اپنا حصہ ڈالا۔
ڈویژنل پبلک سکول لاہور نے علی گڑھ سکول مانگا منڈی کو 3-0سے شکست دی ۔ ڈی پی ایس کے لئے حارث نذیر نے دو رن جبکہ دانش نے ایک رن سکورکیا۔
الائیڈ پبلک سکول دیپالپور نے گورنمنٹ ہائی سکول مانگا منڈی کو 8-0سے ہرادیا۔ الائیڈ سکول کے لئے یوسف، طلحہ اور حافظ حارث نے دو رن سکور کئے جبکہ سمیع احمد اور عادل یاسر نے ایک رن سکورکیا۔
گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مراکہ کوارٹرز لاہور نے تاج پبلک سکول خیبر ایجنسی فاٹا کو 3-1 سے شکست دی۔ مراکہ سکول کے لئے عزیز ، مشرف اور محمد شاہ نے ایک ایک رن سکورکیا جبکہ تاج سکول کے لئے محمد نور نے ایک رن سکورکیا۔
میسیج گرامر سکول اور کریسنٹ سکول شادمان کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔
کل ٹورنامنٹ کے آخری دن دو سیمی فائنل، تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل سمیت چار میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کل شام 4:30بجے بیس بال گراؤنڈ میں منعقد ہوگی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بحریہ ٹاؤن لاہورہوں گے جوکہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔