لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچ کی صبح پتہ چلا کہ میں لارڈز ٹیسٹ کی ٹیم میں شامل ہوں۔وہ آیا اس نے دیکھا اور فتح کر لیا، یہ الفاظ قومی ٹیم کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر حسن علی کے لئے بجا طور پر کہے جا سکتے ہیں۔منڈی بہاؤ الدین سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ حسن علی کو پہلی بار کرکٹ کے گھر لارڈز میں ٹیسٹ کھیلنے کی بابت کب پتہ چلا جب صحافی نے دوران پریس کانفرنس ان سے سوال کیا تو وہ بولے یقین جانئیے مجھے میچ کی صبح ٹیم میں شمولیت کا علم ہوا جس کے بعد میں خاصا پر جوش تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ درست ہے کہ میں پہلی بار انگلینڈ نہیں آیا لیکن سچ پوچھیں تو ٹیسٹ میچ کے لئے یہاں سفید کٹ پہننے کا پہلی بار موقع ملا، ورنہ گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی اور پاکستان ’اے‘ کے ساتھ یہاں آکر کھیلنے کا لطف اٹھا چکا ہوں۔حسن علی نے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 51 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی ہیں اور پریس کانفرنس کے دوران بھی وہ اپنی کارکردگی پر خاصے خوش تھے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ تاثر ختم کرنا چاہتا ہوں کہ میں صرف ون ڈے اور ٹی 20 کا بولر ہوں بلکہ ٹیسٹ کرکٹ بھی میں دل و جان سے بولنگ کرتا ہوں اور لارڈز ٹیسٹ میں بولنگ کرکے انہوں نے خاصا لطف اٹھایا ہے۔یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بولر چھائے رہے ہیں اور انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 184 رنز بناکر آؤٹ ہوئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد عباس نے 4،4 جبکہ فہیم اشرف اور محمد عامر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔